پاکستان اور جرمنی خطے میں امن و استحکام بارے یکساں موقف رکھتے ہیں ،باہمی تعاون جاری رکھیں گے ،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی اپنے جرمن ہم منصب پروفیسر نوربرٹ لیمرٹ سے ملاقات میں گفتگو

پیر 11 جولائی 2016 16:16

برلن ۔ 11 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 جولائی۔2016ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور جرمنی خطے میں امن و استحکام کے قیام کے حوالے سے یکساں موقف رکھتے ہیں اور دونوں ممالک ترقی اور مشترکہ مفادات کے حصول کے لئے باہمی تعاون کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ انہوں نے یہاں اپنے جرمن ہم منصب پروفیسر نوربرٹ لیمرٹ سے جرمن پارلیمنٹ میں ملاقات کی جس میں دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات میں استحکام کے لئے پارلیمانی و عوامی سطح پر روابط میں اضافے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ کئی دہائیوں پر مشتمل دوستی کو مضبوطی کے راستے پر گامزن رکھنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی پاکستان کا قریبی اتحادی ہے اور مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا مددگار ثابت ہوا ہے۔

(جاری ہے)

بعدازاں سپیکر قومی اسمبلی نے جرمن پارلیمنٹ کی مختلف پارلیمانی کمیٹیوں سے ملاقاتیں کیں جن میں کمیٹی برائے اقتصادی تعاون و ترقی، دفاعی کمیٹی، خارجہ امور کمیٹی اور جنوبی ایشیائی دوستی گروپ شامل ہیں۔

جرمن پارلیمنٹ کے صدر پروفیسر نوربرٹ لیمرٹ کی جانب سے سپیکر قومی اسمبلی کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے جرمن تھنک ٹینک ایس ڈبلیو پی اور جرمن انسٹیٹیوٹ آف انٹرنیشنل اینڈ سیکورٹی افیئرز سے بھی خطاب کیا اور پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہم امور پر روشنی ڈالی۔ جرمنی کے دورے میں سپیکر قومی اسمبلی نے میزبان ملک میں مختلف امور پر پاکستان کی بھرپور نمائندگی کی۔علاقائی و بین الاقوامی معاملات سمیت پاکستان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ پر امن مذاکرات جاری رکھنے کی خواہش پر بھی بات چیت کی۔دورے کے دوران سپیکر قومی اسمبلی نے پاکستان کی تیزی سے بہتر ہوتی ہوئی معاشی صورتحال اور سرمایہ کاری کے لئے بہترین ماحول کی دستیابی کے حوالے سے بھی آگاہ کیا۔