پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے گوادر میں معاشی اور صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ اور بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کے روشن دور کا آغاز ہوگا

سی پیک منصوبے میں چینی ماہرین اورکارکنوں کی حفاظت کیلئے پاک فوج کا خصوصی سیکورٹی ڈویژن تشکیل دیا گیا ہے ،وزیرمملکت برائے پیٹرولیم وقدرتی وسائل جام کمال خان

پیر 11 جولائی 2016 16:06

کوئٹہ۔11جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 جولائی۔2016ء) وزیرمملکت برائے پیٹرولیم وقدرتی وسائل جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے گوادر میں معاشی اور صنعتی سرگرمیوں میں اضافہ اور بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کے روشن دور کا آغاز ہوگا جس کے قومی سلامتی اور یکجہتی پر مثبت اثرات مرتب ہونگے اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے میں چینی ماہرین اورکارکنوں کی حفاظت کیلئے پاک فوج کا خصوصی سیکورٹی ڈویژن تشکیل دیا گیا ہے ۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے پیٹرولیم وقدرتی وسائل جام کمال خان نے کہا کہ سی پیک منصوبے کے تحت کراچی کو بلوچستان سے ملانے کیلئے حب بائی پاس روڈ ساڑھے 13 ارب روپے کے خصوصی فنڈ سے تعمیر کیا جائیگا انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمدنواز شریف کی قیادت میں بلوچستان ترقی وخوشحالی کی منزل کی جانب گامزن ہے اور ان منصوبوں کو مقررہ وقت میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا تاکہ سفر کو محفوظ اور مسافت کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ لسبیلہ کے عوام کو کراچی اور سندھ کے دیگر شہروں تک آمدورفت میں آسانی کے علاوہ صنعت وحرفت کو فروغ ملے۔

(جاری ہے)

وزیرمملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے گوادر بندرگاہ خطے میں گیٹ وے کا کردار ادا کرے گا اور سی پیک کا منصوبہ بلوچستان میں بے روزگاری اورغربت کی شرح میں کمی سمیت ملکی معیشت کے استحکام اورسماجی واقتصادی فوائد سمیٹنے کا ذریعہ بنے گا جبکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی تکمیل سے بلوچستان ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہو گا۔

متعلقہ عنوان :