ینبع:50غیر ملکی ملازمین نے سات ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر ہڑتال کر دی

پیر 11 جولائی 2016 15:40

ینبع:50غیر ملکی ملازمین نے سات ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر ہڑتال کر دی

ینبع: (اْردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11جولائی 2016ء):ینبع میں قائم ایک نجی کمپنی کے 50ملازمین نے سات ماہ سے تنخواہ نہ ملنے پر کمپنی انتظامیہ کے خلاف ہڑتال کر دی ۔تفصیلات کے مطابق50غیر ملکی ملازمین نے اپنی کمپنی کی طرف سے گزشتہ سات ماہ سے تنخواہ نہ ملنے کی وجہ سے کام پر جانے سے انکار کر دیا اور کمپنی کے خلاف ہڑتال کر دی۔غیر ملکی ملازمین کا تعلق ایشائی ممالک سے بتایا جا رہا ہے ۔

ملازمین نے اس سے پہلے وزارتِ عمل سے کمپنی کے خلاف شکایت بھی کی تھی ۔ وزارتِ عمل نے چار ماہ پہلے کمپنی انتظامیہ کو ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے کا حکم دیا تھا ۔ لیکن اتنے ماہ گزرنے کے بعد بھی ملازمین اپنی تنخواہوں سے محروم ہیں۔ کمپنی کے ایک ملازم محمد فاروق نے بتایا کہ جب سے اسنے ایگزٹ ویزہ کے لیئے اپلائی کیا ہے ،اس وقت سے لیکر آج تک کئی مہینوں سے اسے تنخواہ بھی نہیں ملی اور نہ ہی اسکا اقامے کی تجدید ہو سکی ہے ۔

(جاری ہے)

محمد فاروق کا مزید کہنا تھا کہ میرا تو اب ویزہ بھی ختم ہو گیا ہے۔ میں نے اس کمپنی کے لیے چھ سال کام کیا لیکن مجھے اس کمپنی کی انتطامیہ سے ایسے رویئے کی توقع نہیں تھی۔ وزارتِ عمل کے ترجمان نے کہا ہے کہ وہ اس مسلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ اور عنقریب تمام غیر ملکی ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی کر دی جائے گی۔ جبکہ کمپنی کے ترجمان نے اس مسلے پر بات کرنے سے انکار کر دیا.