وفاقی وزراء کا الیکشن میں قبل ازوقت دھاندلی کا الزام انتخابات میں (ن) لیگ کی برے طریقے سے شکست کا اقرار ہے،قمر زمان کائرہ

پیر 11 جولائی 2016 15:10

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء) سابق وفاقی وزیر اطلاعات و سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ وفاقی وزراء کی جانب سے الیکشن میں قبل ازوقت دھاندلی کا الزام اس چیز کا اقرار ہے کہ انتخابات میں (ن) لیگ برے طریقے سے شکست کھا رہی ہے ،اگر کوئی کارکردگی ہوتی اور اچھی خبریں ہو تیں تو پھر یہ رونا نہ رو رہے ہوتے ،وفاقی وزراء کو 21تاریخ کو آنیوالا فیصلہ نظر آرہا ہے ،آزادکشمیر کے اندر پیپلز پارٹی کی حکومت نے گزشتہ پانچ سالوں میں تعلیمی ادارے ،سڑکیں ،بڑے بڑے منصوبہ جات دیے اس کے باوجود اگر کچھ کام رہ گئے ہیں تو وہ اگلے دور میں مکمل کرینگے،پاکستان پیپلز پارٹی کا مان چوہدری لطیف اکبر ہیں انہوں نے ہر ممکن اپنے حلقہ کے عوام کی خدمت کی ،کشمیر کے مسائل کے حل کے لیے چوہدری لطیف اکبر نے ہر محاذ پر جنگ لڑی ،امانت ،دیانت،شرافت اور صلاحیت کے حوالے سے کوئی ان پر انگلی نہیں اٹھا سکتا ،حلقہ کھاوڑہ کی خوش قسمتی ہے کہ انہیں لطیف اکبر جیسا لیڈر ملا ہے جس پر آپ فخر کر سکتے ہیں حلقہ چار کھاوڑہ کے علاقے کٹکیر،کچیلی میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ وفاقی وزراء کی اشتعال انگیزی اور ان کے گماشتوں کی جانب سے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کو دھمکیاں دی جارہی ہیں ،وفاقی وزراء پرویز رشید ،برجیس طاہر آزادکشمیر میں بدامنی کے ذمہ دار ہیں ،چیف سیکرٹری ،آئی جی اور اس کے ساتھ ساتھ چیف الیکشن کمشنر بھی وفاقی حکومت نے اپنی مرضی کا لگوایا ہے اب وہ کیوں چیخ رہے ہیں ،انہیں مسلہ کیا ہے ؟صاف نظر آرہا ہے کہ آزادکشمیر پر جو لشکر کشی کی جارہی تھی اس میں ناکامی ہو گئی ہے اس موقع پر خطاب کرتے ہوے چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ ن لیگی کارکنوں کی جانب سے پیپلز پارٹی کے کارکنان کوہراساں کیا جارہا ہے انتظامی مشنری اگر اپنے حق میں استعمال کرتے تو یکطرفہ نتائج حاصل کر سکتے تھے پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ووٹ کی طاقت سے اقتدار حاصل کیا ہے آمر کی گود میں پرورش پانے والے ہمیں جمہوریت اور انسانیت کا درس نہ دیں انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ سالوں میں جو بن سکا عوام اور حلقہ کے لیے کیا ،عوام نے جس محبت اور خلوص کا اظہار کیا وہ ناقابل فراموش ہے پیپلز پارٹی کی حکومت نے آزادکشمیر کے اندر تعمیراتی اور ترقیاتی کاموں میں ساٹھ سالہ تاریخ کو پیچھے چھوڑ دیا ،کارکنوں کو دھمکیاں دینے والے سن لیں اپنے ایک ایک ووٹر کا تحفظ کرنا جانتے ہیں کسی کی بدمعاشی نہیں چلنے دینگے ،میں نے اپنی پوری زندگی عوام کے لیے وقف کر دی ہے مجھے کچھ نہیں چاہیے نہ ہی کوئی اثاثہ ہے میرا اثاثہ عوام اور ان کی محبت ہے اس موقع پرشوکت وسیم ، افسر سجاد ،چوہدری شاہنواز ،چوہدری سرور و دیگر نے بھی خطاب کیا ،قمر الزمان کائرہ کے دورہ حلقہ چار کے دوران لوگوں نے جگہ جگہ ان کا انتہائی والہانہ استقبال کیا ۔

متعلقہ عنوان :