کشمیریوں کے جذبہ آزادی اور حریت کو دبایا نہیں جاسکتا‘ 1931 سے شروع ہونے والی تحریک آج تک اسی جذبے سے جاری ہے‘ بھارت کشمیر میں انتظامی تبدیلیاں کرکے اپنا تسلط قائم رکھنا چاہتا ہے

آل پارٹیز حریت کانفرنس کے مرکزی رہنما میر واعظ عمر فاروق کی پاکستان کے سرکاری ٹی وی سے بات چیت

پیر 11 جولائی 2016 13:53

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جولائی۔2016ء) آل پارٹیز حریت کانفرنس کے مرکزی رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی اور حریت کو دبایا نہیں جاسکتا‘ 1931 سے شروع ہونے والی تحریک آج تک اسی جذبے سے جاری ہے‘ بھارت کشمیر میں انتظامی تبدیلیاں کرکے اپنا تسلط قائم رکھنا چاہتا ہے۔ وہ پیر کو سرکاری ٹی وی سے گفتگو کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کا کشمیر میں غیر ریاستی افراد کو بسانے کا منصوبہ کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ بھارت کشمیر میں انتظامی تبدیلیاں کرکے اپنا تسلط قائم رکھنا چاہتا ہے۔ میر واعظ نے کہا کہ حریت قیادت کو گزشتہ کئی روز سے گھروں میں نظر بند کررکھا ہے۔ عالمی برادری کشمیریوں پر مظالم روکنے کے لئے بھارت پر دباؤ ڈالے اور مسئلہ کشمیر کو جلد حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق نے کہا کہ بھارت نے کشمیر میں فوج کو قتل عام کی کھلی اجازت دے رکھی ہے۔ بھارتی مظالم کے باوجود کشمیر کی آزادی تک ہماری جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی اور حریت کو دبایا نہیں جاسکتا۔ 1931 سے شروع ہونے والی تحریک آج تک اسی جذبے سے جاری ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی فورسز کی فائرنگ سے گزشتہ چند روز میں 23کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔ سرینگر سمیت مقبوضہ کشممیر کے کئی شہروں میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج جاری ہے۔