اینڈی مرے نے ومبلڈن چیمپئن شپ جیت لی

پیر 11 جولائی 2016 13:47

لندن ۔ 11 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔11 جولائی۔2016ء) اینڈی مرے نے ومبلڈن چیمپئن شپ جیت لی، فیصلہ کن معرکے میں انہوں نے کینیڈا کے ملوس رانک کو شکست دی، اینڈی مرے کا یہ دوسرا ومبلڈن ٹائٹل ہے۔ تفصیلات کے مطابق لندن میں کھیلے گئے مینز سنگلز مقابلوں کے فائنل میں عالمی نمبر دو برطانیہ کے اینڈی مرے نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے نمبر چھ کینیڈا کے ملوس رانک کو سٹریٹ سیٹس میں شکست دی، مرے نے پہلا سیٹ 6-4 دوسرا 7-6 اور تیسرا 7-6 سے جیتا۔

(جاری ہے)

اینڈی مرے 1935 کے بعد ایک سے زیادہ بار ومبلڈن ٹائٹل اپنے نام کرنے والے پہلے برطانوی کھلاڑی ہیں، اس سے قبل انہوں نے 2013 میں سربیا کے نواک جوکووچ کو ہرا ٹائٹل جیتا تھا۔ 29 سالہ مرے اب تک تین گرینڈ سلیم جیت چکے ہیں۔ میچ کے بعد اپنے تاثرات میں انہوں نے کہا کہ دوسری بار ومبلڈن ٹرافی جیت کر بہت فخر محسوس کر رہا ہوں، ہر سال یہ ٹورنامنٹ میرے لئے بڑی اہمیت رکھتا ہے، یہاں بہت یادگاری لمحے گزارے ہیں اور اس کے ساتھ تکلیف دہ شکست کا سامنا بھی کیا، انہی ناکامیوں کی وجہ سے آج کی فتح پر بہت خوشی محسوس کر رہا ہوں۔