مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہئے‘ حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی اور پیدائشی حق ہے ‘کشمیر کا معاملہ بھارت خود اقوام متحدہ میں لے کر گیا تھا‘ مظالم سے کشمیریوں کو دبایا نہیں جاسکتا‘ بلاول بھٹو تنقید کرنے سے پہلے حقائق دیکھ لیا کریں اور شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ پھینکیں

وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید کا سرکاری ریڈیو کو انٹرویو

پیر 11 جولائی 2016 12:12

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔11 جولائی ۔2016ء) وزیراطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہئے‘ حق خود ارادیت کشمیریوں کا بنیادی اور پیدائشی حق ہے اور کشمیر کا معاملہ بھارت خود اقوام متحدہ میں لے کر گیا تھا‘ مظالم سے کشمیریوں کو دبایا نہیں جاسکتا‘ بلاول بھٹو تنقید کرنے سے پہلے حقائق دیکھ لیا کریں اور شیشے کے گھر میں بیٹھ کر پتھر نہ پھینکیں۔

انہوں نے یہ بات ریڈیو پاکستان کو انٹرویو میں کہی۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نہتے کشمیریوں پر ایسے مظالم کے ذریعے ان کی آواز کو نہیں دبا سکتا۔ وفاقی وزیر نے عالمی برادری پرزوردیا کہ وہ کشمیریوں کو ان کا پیدائشی حق ، حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردارادا کرے جس کا وعدہ بھارت کے پہلے وزیراعظم نے کیاتھا ۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں پرویز رشید نے بھارتی حکومت سے کہاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے سے گریز کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو شیشے کے گھر میں بیٹھ کر دوسروں پر پتھر پھینکنے سے گریز کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو دوسروں پر تنقید کرنے سے پہلے کشمیر کے بارے میں اپنے مرحوم نانا ‘ والدہ اور والد کی پالیسی پر غور کرنا چاہیے۔