اسلام آباد میں رواں سال چار انٹرنیشنل پی ایس اے کے ایونٹس کھیلے جائیں گے ‘ تیار یاں شروع

پیر 11 جولائی 2016 11:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔11 جولائی ۔2016ء)وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں رواں سال چار انٹرنیشنل پی ایس اے کے ایونٹس کھیلے جائیں گے جس کیلئے پاکستان سکوائش فیڈریشن نے تیاریاں شروع کردیں ہیں۔ چاروں ایونٹس ستمبر سے دسمبر تک مصحف علی سکوائش کمپلیکس اسلام آباد میں کھیلے جائیں گے جس میں پاکستان کے نامور کھلاڑیوں سمیت غیر ملکی کھلاڑی بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔

پاکستان سکوائش فیڈریشن کے سیکرٹری گروپ کیپٹن عامر نواز کے مطابق پروفیشنل سکوائش ایسوسی ایشن (پی ایس اے) نے رواں سال پاکستان کو 25,25ہزار ڈالر کے چار بین الاقوامی ایونٹس کی میزبانی دی تھی۔ پی ایس اے کے چاروں ایونٹس ستمبر سے دسمبر تک مرحلہ وار کھیلیں جائیں گے جس کے لئے فیڈریشن نے ابھی سے تیاریاں شروع کردی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان ایونٹس میں غیر ملکی کھلاڑیوں کے لئے انٹری اوپن ہے۔

عامر نواز نے کہا کہ اس سے قبل پی ایس اے نے پاکستان کو 25,25ہزار ڈالر کے دو ایونٹس کی میزبانی دی تھی جبکہ ان ایونٹس کی کامیابی سے انعقاد کے بعد پی ایس اے نے رواں سال پاکستان کو چار بین الاقوامی سکوائش ایونٹس کی میزبانی دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیڈریشن 50ہزار ڈالر ایونٹ کی میزبانی کے لئے کوشش کر رہا ہے۔ امید ہے کہ 50ہزار ڈالر پی ایس اے ایونٹ کی میزبانی آئندہ سال پاکستان کو مل جائے گی۔