محسن انسانیت عبد الستار ایدھی کو قومی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا، ایدھی ولیج میں‌ رقت آمیز مناظر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 9 جولائی 2016 16:17

محسن انسانیت عبد الستار ایدھی کو قومی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔09 جولائی 2016ء) :معروف سماجی رہنما اور محسن انسانیت عبد الستار ایدھی کو میٹھا در میں ایدھی ولیج میں قومی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق عبد الستار ایدھی کی نماز جنازہ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں ادا کی گئی ،جس میں صدر مملکت، تینوں مسلح افوا ج کے سربراہان، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما اور سماجی رہنماﺅں سمیت لاکھوں افراد نے شرکت کی۔

نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد عبد الستار ایدھی کے جسد خاکی کو میٹھا در میں ایدھی ولیج منتقل کیا گیا۔جہاں ان کی تدفین اسی قبرمیں کی گئی جسے انہوں نے خود اپنے ہاتھوں سے 25سال قبل تیار کیا تھا۔ عبد الستار ایدھی کے جسد خاکی کو ان کے بیٹے فیصل ایدھی نے لحد میں اُتارا، عبد الستار ایدھی کو ان کی وصیت کے مطابق بوقت انتقال زیب تن کیے ہوئے کپڑوں ہی میں دفنایا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایدھی ولیج میں رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے ۔ایدھی صاحب کو انسانیت کے لیے ان کی بے پناہ خدمات کے لیے جانا جاتا تھا جس پر پاک فوج نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اُنیس توپوں کی سلامی بھی دی۔انسانیت کے مسیحا کا لقب پانے والے عبد الستار ایدھی گذشتہ رات 11بجے اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔عبد الستار ایدھی کے انتقال کے بعد وفاقی حکومت نے ایک روزہ جبکہ صوبائی حکومتوں نے تین ، تین روزہ سوگ کا اعلان کر رکھا ہے۔دوسری جانب ایدھی سینٹرزمیں عبد الستار ایدھی کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی جاری ہے۔جبکہ قومی پرچم کو بھی آج کے لیے سرنگوں رکھا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :