عبدالستار ایدھی کی طبیعت اچانک بگڑ گئی ،وینٹی لیٹر پر منتقل

ایدھی صاحب طویل عرصہ سے کھانا نہیں کھا رہے ہیں ، وہ کافی کمزور ہو گئے تھے، ضعیف عمری کے باعث گردوں کا ڈائیلاسز ممکن نہیں، آئیں جھولی پھیلائیں کہ ایدھی صاحب ٹھیک ہوجائیں،عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی اور بیٹے فیصل ایدھی کی پریس کانفرنس،آبدید ہ ہو گئے ڈاکٹروں نے عبدالستار ایدھی کی صحت بارے آئندہ 6 سے8 گھنٹے اہم قرار دے دئیے

جمعہ 8 جولائی 2016 21:02

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔8جولائی۔2016ء) معروف سماجی شخصیت عبدالستار ایدھی کی طبیعت اچانک بگڑ گئی جس کی وجہ سے ان کووینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا ہے ، ان کی حالت زیادہ خراب بتائی گئی ہے،، انہیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا ہے جس کے بعد انہیں سندھ انسٹیٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ منتقل کردیا گیا جہاں ڈاکٹر ادیب رضوی سمیت دیگر ڈاکٹروں کے پینل نے ان کا معائنہ کیا۔

عبدالستار ایدھی کی اہلیہ بلقیس ایدھی اور بیٹے فیصل ایدھی نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ایدھی صاحب کافی عرصہ سے کھانا نہیں کھا رہے تھے اور کافی کمزور ہو گئے تھے اور عمر کافی ہونے کی وجہ سے ان کے گردوں کا ڈائیلاسز ممکن نہیں ہے اس ہی لیے ڈائیلاسز کے دوران ان کی طبیعت زیادہ خراب ہوئی اور ڈاکٹر نے انہیں وینٹی لیٹرپر منتقل کردیا ہے۔

(جاری ہے)

پریس کانفرنس کے دوران فیصل اور بلقیس ایدھی آبدید ہ ہو گئے اور ان کی آنکھوں سے آنسو آگئے اور انہیں نے اس موقع پر پوری قوم سے دعا کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ قوم ان کے لئے دعا کرے کہ وہ صحت یاب ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ آئیں جھولی پھیلائیں کہ ایدھی صاحب ٹھیک ہوجائیں۔سب کی یہ دعا ہونی چاہئے ۔۔دریں اثناء معروف اداکار عمر شریف نے کہا ہے کہ عبدالستار ایدھی کی علالت کا سن کر دکھ ہوا ہے اور وہ پوری قوم کے ہیرو ہیں اور ان کے لئے پوری قوم دعا گو ہے جب کہ مفتی منیب الرحمن نے بھی ان کی صحت یابی کے لئے دعا کی ہے۔

واضح رہے کہ عبدالستار ایدھی کے گردے ناکارہ ہوچکے ہیں اور زیادہ عمرہونے کی وجہ سے ان کے گردوں کی پیوند کاری بھی نہیں ہوسکتی،کافی عرصے سے ایس آئی یو ٹی میں زیر علاج ہیں،جہاں ہفتے میں 2 سے 3 دن ان کا ڈائلسسز کیا جاتا رہا ہے،ڈاکٹروں نے ان کی صحت کے بارے میں آئندہ 6 سے8 گھنٹے اہم قرار دئیے ہیں۔

متعلقہ عنوان :