پاکستان کے آم،کینواور گوشت کی برآمدات میں اضافہ

روس نے آلو کی درآمد پر پابندی ختم کر دی جس سے آم کی روس کو برآمد میں بھی اضافہ ہوگا

جمعہ 8 جولائی 2016 18:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 جولائی- 2016ء) پاکستان کے آم،کینواور گوشت کی برآمدات میں اضافہ ہوگیاہے جبکہ روس نے آلو کی درآمد پر پابندی ختم کر دی جس سے آم کی روس کو برآمد میں بھی اضافہ ہوگا،وزارت تجارت کی دستاویزات کے مطابق آسٹریلیا،جنوبی کوریا، موریٹیس، لیبیا،لبنان ،جاپان نے 13سال بعد پاکستان کے آمپر پابندی ختم کر دی۔ بھارت کے آم پر کوالٹی کنٹرول کی بہتری کے لیے پابندی لگنے کے بعد پاکستان نے 131 فارمز اور 33 پیکنگ ہاوٴسزکی رجسٹریشن ڈی پی پی کے ذریعے کرا دی، آم کی جاپان کو برآمدمیں بھی اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ سال 2014 میں پانچ میٹرک ٹن کی جاپان کو آم کی ایکسپورٹ ہوئی جبکہ 2015 کے دوران81 میٹرک ٹن آموں کی برآمدات کی گئیں۔ مجموعی طور پر 32 ہزار ٹن آموں کی برآمدات کی گئیں جس سے آم کی برآمدات میں 25 فیصد اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

اسی طرح گوشت کی برآمد میں 22فیصد اضافہ ہوا جوکہ 264ملین ڈالر کی مجموعی طور پر ایکسپورٹ بنتی ہے۔ سعودی عرب، بحرین، یو اے ای اور مصر نے 14میٹ اور تین پولٹری سلاٹر ہاوٴسزکے جائزے کے بعد گوشت کو منگوانے کی منظوری دیدی ہے۔

موریتانیہ نے بھی میٹ درآمدکو کھول دیا ہے۔روس نے پاکستان سے کینو کی درآمدمیں اضافہ کر دیا ہے جوکہ 73ملین ڈالر تک پہنچ گئی ہے جبکہ اس سے قبل روس نے پاکستان سے 69ملین ڈالر مالیت کے کینو کی درآمد کی تھی۔ سرجیکل مصنوعات کی برآمد کے حوالے سے وزارت تجارت کے ذیلی ادارہ ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے جائیکا کے تعاون سے جاپان میں اسٹڈی مشن بھیجا ہے تاکہ وہاں کی مارکیٹ کا جائزہ لیا جائے۔ اسی طرح ٹی ڈیپ نے ازبکستان میں سرجیکل انسٹرومنٹ مینوفکچرنگ ایسوسی ایشن بھیجا گیا۔ روس نے بھی آلو کی درآمد پر پابندی ہٹا دی ہے، ان پاکستان کے آلو بڑی مقدار میں روس کو برآمد ہوں گے۔۔