بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور حادثات کے واقعات میں تیرہ افراد جاں بحق چار زخمی

جمعہ 8 جولائی 2016 16:05

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 جولائی- 2016ء) بلوچستان کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور حادثات کے واقعات نے تیرہ افراد کی جانیں لے لیں ،چار افراد زخمی ہوگئے ۔لیویز کے مطابق آواران کی تحصیل جھاو کے نواحی گاوں پیلارمیں مسلح افراد نے نماز کی ادائیگی کے بعد اپنے گھر جا نے والے چار افراد آدم فاروق،علی شیر اور سراج کو فائرنگ کرکے قتل کردیا جو آپس میں رشتہ دار بتائے جاتے ہیں۔

مستونگ کے نواحی علاقے پڑنگ آباد کے جنگل سے لیویز کی لیڈی کانسٹیبل آمنہ بی بی اور اسکے شوہر میر محمد کی لاشیں بر آمد ہوئی دونوں کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا ،لیویز حکام کے مطابق دوہرے قتل کی وجہ گھریلو ناچاکی ہے۔پشین کے علاقے گنگل زئی میں دو گروہوں میں مسلح تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ۔

(جاری ہے)

ژوب کی کلی تورا درگاہ میں دو گروہوں میں تصادم کے نتیجے میں فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے لورالائی کے علاقے تنگ چین کے مقام پر کار اور ویگن کے درمیاں تصادم کے نتیجے میں دو افراد جاں بحق ہوگئے پشین کے شیخ فرید روڈ پر ٹریکٹر نے موٹرسائیکل کو ٹکرمار دی جس کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہوگیا نواں کلی کے علاقے زرغون آباد میں پولیس تھانے کے قریب ایک کار بے قابو ہوکر الٹ گئی جس کے نتیجے میں اٹھارہ سالہ نوجوان عزیز الرحمن موقعع پر جاں بحق ہوگیا ۔