Live Updates

سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر ہزاروں عراقی شہریوں کی ہلاکت سے خود کو بری نہیں کرسکتے عمران خان

پی ٹی آئی چیئرمین کا جھوٹ کی بنیاد پر جنگ کے فیصلے پر احتساب کا مطالبہ

جمعہ 8 جولائی 2016 15:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 جولائی- 2016ء) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر ہزاروں عراقی شہریوں کی ہلاکت سے خود کو بری نہیں کرسکتے۔جمعرات کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مختلف پیغامات میں عمران خان نے کہا کہ یہ شرمناک ہے کہ چلکوٹ رپورٹ کے حقائق کے باوجود ٹونی بلیئر کو عراق پر حملے پر شرمندگی نہیں اور وہ صرف عراق میں 179 برطانوی فوجیوں کی ہلاکت پر پچھتا رہے ہیں۔

انہوں نے ٹونی بلیئر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ بلیئر خود کو کس طرح ہزاروں عراقیوں کی ہلاکت سے بری کرسکتے ہیں جو امریکا اور برطانیہ کی زیرقیادت حملے میں ہوئیں اور خطے میں انتشار پھیل گیا۔خیال رہے کہ بدھ کو برطانیہ کے سرکاری انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ برطانیہ کا 2003 میں عراق کی جنگ میں شامل ہونے کا فیصلہ غیر قانونی تھا اور اس وقت کے برطانوی وزیر اعظم ٹونی بلیئر کا عراق میں فوجی کارروائی کا موقف جذباتی تھا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے ٹونی بلیئر اور ان کے اتحادیوں کو عرب ریاستوں میں لاقانونیت کا ذمہ دار ٹھہرایا۔انہوں نے کہا کہ بلیئر عرب ریاستوں میں انتہاپسندی اور خانہ جنگی جو اب تک جاری ہے اور آئی ایس آئی ایس کے ابھرنے سے دامن کیسے بچا سکتے ہیں۔پی ٹی آئی چیئرمین نے جھوٹ کی بنیاد پر جنگ کے فیصلے پر احتساب کا مطالبہ کیا۔یقینا غلط بیانی یا دانستہ دھوکا دہی کی بنیاد پر ہونے والی جنگ پر احتساب ہونا چاہئے جو انتشار، تشدد اور اموات کا باعث بنی۔

یاد رہے کہ انکوائری کمیشن نے کہا تھا کہ عراق میں مسئلے کے حل کے لیے پرامن طریقوں کو موقع نہیں دیا گیا ٹونی بلیئر کی جانب سے عراق میں بڑے پیمانے پر تباہی والے ہتھیاروں کے حوالے سے انٹیلی جنس کمیٹی کی معلومات کا بہانہ بلاجواز تھا۔انکوائری کمیشن کے سربراہ جان چلکوٹ نے صحافیوں اور عراق جنگ میں ہلاک ہونے والے چند فوجی اہلکاروں کے لواحقین سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مارچ 2003 میں صدام حسین سے برطانیہ کو فوری طور پر کوئی خطرہ لاحق نہیں تھا، جبکہ ہتھیاروں سے درپیش خطرات کو جس سنجیدگی سے پیش کیا گیا تھا حکومت اسے ثابت کرنے میں ناکام رہی اس لیے ہم اس نتیجے پر پہنچے برطانیہ کا عراق کی جنگ میں شامل ہونے اور وہاں فوجی کارروائی کا فیصلہ غیر قانونی تھا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :