عید کے بعد معاشی دہشت گرد اور شکست خوردہ عناصر دوبارہ احتجاج کی تیاری کر رہے ہیں عابد شیر علی

دس سالوں میں جو ترقیاتی کام نہیں ہوئے وہ نواز شریف کی حکومت نے تین سالوں میں کردئیے ہیں میڈیا سے گفتگو

جمعہ 8 جولائی 2016 15:43

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 جولائی- 2016ء) وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ عید کے بعد معاشی دہشت گرد اور شکست خوردہ عناصر دوبارہ احتجاج کی تیاری کر رہے ہیں عوام سیاسی یتیموں کو ایک بار پھر مسترد کردیں گے دس سالوں میں جو ترقیاتی کام نہیں ہوئے وہ نواز شریف کی حکومت نے تین سالوں میں کردئیے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ،پیپلز پارٹی اور دیگر سیاسی یتیموں کو قوم 2018ء کے آنے والے انتخابات میں مسترد کردے گی ۔

ان لوگوں نے 10سال تک حکمرانی کی ، کرپشن کے بازارگرم کر دئیے اور پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا ۔اب وہ کنٹینروں پر کھڑا ہونے کے لیے تیار ہورہے ہیں۔ قوم بھی ان کو دیکھنے کے لیے منتظر ہے کیونکہ جن لوگوں نے ملک میں ڈاکے ڈالے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

چوری کے ان دعوے داروں کو قوم دیکھنا چاہتی ہے کہ ان کے منہ سے پاکستان کے لیے کونسے پھول جھڑتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مولا بخش چانڈیو کو اپنا علاج کرانا چاہیے کیونکہ وہ چوروں کے لیے باہر نکلتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ70تا80فیصد بجلی چوری کرتے ہیں اور صوبہ سندھ نے جو 70ارب روپیہ بجلی کی مد میں وفاق کا دینا ہے پہلے وہ ادا کریں ۔ وہ بجلی چوروں کی حمایت کرکے اپنا بڑھاپا خراب نہ کریں ۔انہوں نے کہاکہ وہ جاکر چاہے قطب مینار پر چڑھ کر اذانیں دیں، بجلی چوروں کے خلاف جاری آپریشن نہیں رکے گا۔ انہوں نے کہا کہ خود ساختہ جلا وطنی اختیار کرنے والوں سے قوم سوال کرتی ہے کہ وہ کس کے ڈر سے باہر جا بیٹھے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم آج کے دن کی خوشیاں دہشتگردی کے خلاف قربانیاں دینے والے جوانوں اور شہداء کے نام کرتے ہیں۔