بلاول بھٹو زر داری جب سے پیدا ہوئے رزق حلال کا ایک نوالہ نہیں کھایا رانا ثناء اللہ

عمران خان کے دائیں بائیں موجود لوگ خود کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں شیخ رشید گھٹیا اور بد بخت انسان ہیں میڈیا سے گفتگو عمران خان کو ریحام یا جمائمہ کے ساتھ حلالہ کرکے زندگی آرام سے گزارنی چاہیے صوبائی وزیر قانون

جمعہ 8 جولائی 2016 15:43

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 جولائی- 2016ء) وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری جب سے پیدا ہوئے ہیں انہوں نے رزق حلال کا ایک نوالہ نہیں کھایا اور شیخ رشید گھٹیا اور بد بخت انسان ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کرپشن کاحساب حکومت کو نہیں نیب کو کرنا ہے، عمران خان کے دائیں بائیں موجود لوگ خود کرپشن میں ڈوبے ہوئے ہیں۔

عمران خان کو ریحام یا جمائمہ کے ساتھ حلالہ کرکے زندگی آرام سے گزارنی چاہیے۔ شیخ رشید کو شرم نہیں، وہ ایک بدبخت اور گھٹیا سیاستدان ہیں، وہ ہر سال حکومت جانے کی پیش گوئی کرتے ہیں لیکن اب انہیں خاموش ہوجانا چاہیے۔ بلاول بھٹو زرداری اربوں روہے کی لوٹ مار سے بنائی گئی جائیداد کے وارث بنے بیٹھے ہیں، وہ جب سے پیدا ہوئے ہیں انہوں نے رزق حلال کا ایک نوالہ نہیں کھایا۔

(جاری ہے)

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت کا ایجنڈا ملک کی ترقی کا ایجنڈا ہے، یہ لوگ چاہتے ہیں کہ دہشت گردی کا ملک سے خاتمہ نہ ہو لیکن شورشرابا کرنے والے کامیاب نہیں ہوسکیں گے اور پاکستان ترقی کی منازل طے کرتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف آپریشن کے بعد تیزی کے ساتھ صحت یاب ہورہے ہیں اور انشااللہ بہت جلد ملک واپسی کے بعد نئے جوش اورولولے کے ساتھ ملکی ترقی کے ایجنڈے پر عملدرآمد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ عید کے بعد کچھ لوگ سیاسی ماحول کو تلخ کرنے کی کوشش کریں گے۔ شورشرابا اور غل غپاڑہ کرنے والے اپنی موت آپ مر جائیں گے ۔ان کے مذموم مقاصد ہرگز کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن وامان کی صورت حال مجموعی طور پر بہتر ہے۔انہوں نے کہا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر کئے گئے انتظامات انتہائی تسلی بخش تھے۔