نجی ٹی وی کی رپورٹر ویڈیو سوشل میڈیا پر مقبول ، صارفین میں غم و غصے کی لہر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 8 جولائی 2016 14:42

نجی ٹی وی کی رپورٹر ویڈیو سوشل میڈیا پر مقبول ، صارفین میں غم و غصے کی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔08 جولائی 2016ء) : کراچی کے ایدھی ہوم میں موجود عبد اللہ ایک وقت میں خبروں کی زینت رہا۔ کبھی عبد اللہ کی والدہ کی تلاش جاری تھی تو کبھی عبد اللہ کو گھر لیجانے والا کوئی نہیں تھا لیکن تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ عبد اللہ کی والدہ کو بے رحمی سے قتل کر دیا گیا ہے جس کے بعد سے عبد اللہ ایدھی ہوم میں ہی موجود ہے۔

بن ماں کے ایدھی ہوم میں اپنے پیاروں کی آمد کا انتظار آنکھوں میں لیے عبد اللہ قریباً ہر وقت ہی اپنی والدہ کو یاد کر کے آبدیدہ ہو جاتا ہے۔ ایسے میں ایک نجی ٹی وی کی رپورٹر نے اخلاقیات اور لحاظ سے گری رپورٹنگ کر کے میڈیا کا نام بدنام کر دیا۔ انٹر نیٹ پر وائرل ہوئی ایک ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹر عبد اللہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنے اور اس پر ایک پیکج تیار کرنے گئی لیکن وہاں پہنچنے پر رپورٹر نے عبد اللہ کو گالی بھی نکالی جبکہ روتے ہوئے عبد اللہ کو بار بار تنگ بھی کیا۔

(جاری ہے)

یہی نہیں مذکورہ رپورٹر نے اپنے ٹیلی فون سے کسی عورت کو فون ملایا اور عبد اللہ سے بار بار یہ کہہ کر کر بات کرنے پر مجبور کیا کہ یہ تمہاری ماما ہیں، ان سے بات کرو، لیکن عبد اللہ جو اپنی والدہ کی آواز کو بخوبی پہچانتا ہے، نے ٹیلی فون پر بات کرنے سے انکار کر دیا۔ اس ویڈیو کے سوشل میڈیا پر آتے ہی صارفین اور میڈیا انڈسٹری میں موجود لوگوں میں بھی ایک غم و غصے کی لہر پائی جاتی ہے۔

سوشل میڈیا صارفین نے میڈیا کو ایسی رپورٹرز کو رکھنے پر سخت تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ نجی ٹی وی چینل سے اس رپورٹر کے خلاف ایکشن لینے کا بھی مطالبہ کیا۔ خیال رہے کہ انٹرنیٹ پر وائرل ہوئی یہ ویڈیو ایڈٹنگ سے پہلے کی ویڈیو ہے جسے ٹی وی چینل نے نشر نہیں کیا۔اس وائرل ویڈیو کو آپ بھی ملاحظہ کیجئیے:

متعلقہ عنوان :