چیئرمین سینیٹ کا سعودی سفیر کو ٹیلیفون، سعودی عرب میں ہونیوالے بم دھماکوں پر اظہار افسوس

دہشت گردی عالمی مسئلہ ہے ،عالمی برادری کو خاتمے کیلئے مل کر کوششیں کرنی ہونگی ،میاں رضا ربانی

جمعہ 8 جولائی 2016 14:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 جولائی- 2016ء) چیئرمین سینیٹ میاں رضاربانی نے گزشتہ روز سعودی سفیر عبداللہ مرزوق الزہرانی سے ٹیلی فون پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے سعودی عرب میں ہونے والے بم دھماکوں پر افسوس کااظہار کیا اور دہشت گردی کے ان واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی انہوں نے اس موقع پر سعودی مجلس شوریٰ کے سربراہ کے نام ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان کی پارلیمان اور عوام دکھ کی اس گھڑی میں سعودی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

(جاری ہے)

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور پوری عالمی برادری کو اس کے خاتمے کیلئے مل جل کر کوششیں کرنی ہونگی انہوں نے ان بم دھماکوں میں ہونے والے جانی نقصان پر بھی افسوس کا اظہار کیا ۔سعودی سفیر نے چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان نے ہر مشکل دور میں سعودی عرب کا ساتھ دیا ہے اور ان نیک جذبات پر ہم پاکستان کے عوام کے مشکور ہیں ۔