مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے عیداور ٹرو کا دن سرکاری مصروفیات میں گزارا

جمعہ 8 جولائی 2016 14:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8 جولائی- 2016ء) مشیر وزیر اعلیٰ پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق نے عید کی چھٹیوں میں بھی سرکاری مصروفیات جاری رکھیں ۔ خواجہ سلمان رفیق نے عید کے دن ڈی سی او لا ہور کیپٹن (ر)محمد عثمان کے ہمراہ میانی صاحب قبرستان کا دورہ کیا اور ڈینگی سرویلنس کرنے والی ٹیموں کی چیکنگ کی ۔ خواجہ سلمان رفیق نے عید کی چھٹیوں کے باوجود فرائض سر انجام دینے والی ٹیموں کی فرض شناسی کو سراہا اور انہیں شاباش دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کے ساتھ چائلڈ پرو ٹیکشن بیورو کا بھی دورہ کیا اور وہاں مقیم بچوں سے عید ملے ۔ مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے عید الفطر کے دوسرے دن تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال فیروز والا کا دورہ کیا ۔انہوں نے ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا ۔ ڈی سی اوشیخوپورہ طارق ارقم ،اسسٹنٹ کمشنر فیروزوالہ اور محکمہ صحت کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ بعد ازاں خواجہ سلمان رفیق نے امامیہ کالونی کا بھی دورہ کیا اور اس علاقے میں ڈینگی سرویلنس میں مصروف ٹیموں کی چیکنگ کی اور انہیں شاباش دی۔ ڈی سی اوشیخوپورہ طارق ارقم اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔