سعودی عرب پر ہی نہیں پورے عالم اسلام پر حملہ ہے،دفاع پاکستان کونسل

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 5 جولائی 2016 19:38

لاہور(اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی05 جولائی ۔2016ء )دفاع پاکستان کونسل کے مرکزی قائدین نے کہا ہے کہ مسجد نبوی ﷺ سمیت دیگر مقامات پر خود کش حملوں کی کوششیں صرف سعودی عرب پر ہی نہیں پورے عالم اسلام پر حملہ ہے۔اسلام دشمن قوتیں مقدس مقامات کو نشانہ بنا کر مسلم امہ میں مایوسیاں پیداکرنا چاہتی ہیں۔منظم منصوبہ بندی کے تحت مسلمان ملکوں میں قتل و غارت گری پروان چڑھانے اور مسلمانوں کو باہم دست و گریبان کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔

مسلم حکمران اپنے مشترکہ دشمن کیخلاف متحد ہو جائیں اور سرزمین حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے جرأتمندانہ پالیسیاں اختیارکی جائیں۔حکومت پاکستان اور دفاعی ادارے سعودی عرب کے دفاع کو بھی پاکستان کے دفاع کی طرح اہم سمجھیں ۔

(جاری ہے)

حرمین کے تحفظ کیلئے پوری مسلم امہ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑ ی ہے۔ان خیالات کا اظہا رچیئرمین دفاع پاکستان کونسل مولانا سمیع الحق، پروفیسر حافظ محمدسعید، سردار عتیق احمد خاں،لیاقت بلوچ، پیر سید ہارون گیلانی، پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی، مولانا فضل الرحمن خلیل، مولانا محمد اشرف طاہراور عبداللہ گل نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کا دشمن ایک ہی ہے۔ جب سے سعودی عرب کی قیادت میں 34ملکی اتحاد بنا ہے اس سے نہ صرف حرمین شریفین کا دفاع مضبوط ہوا بلکہ اس کاخطہ میں ا من کی کوششوں پر بھی گہر ااثر پڑا ہے یہی وجہ ہے کہ اسلام دشمن طاقتوں کو یہ چیز برداشت نہیں ہو رہی ۔ وہ دیکھ رہے ہیں کہ ایک طرف اسلام کا قلعہ پاکستان ہے تو دوسری جانب مسلمانوں کا دینی مرکز سعودی عرب ہے جو پورے عالم اسلام کی محبتوں و عقیدتوں کا مرکز ہے۔

وہ ان دونوں ملکوں میں خاص طور پر انتشار و افترا ق پیدا کرناچاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ صیہونی لابی کی شہ پر جس طرح سرزمین حرمین شریفین پر مسجد نبوی ﷺ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی اس سے دشمن کے مذموم عزائم کھل کر سامنے آگئے ہیں کہ وہ مسلمانوں کے مقدس مقامات کو ٹارگٹ کرنے سے بھی باز نہیں آئیں گے۔ اسلام دشمن قوتیں سعودی عرب میں قتل و غارت گری پروان چڑھا کر مسلم امہ میں مایوسی کی کیفیت پیدا کرنا چاہتی ہیں لیکن دشمنان اسلام کو یاد رکھنا چاہیے کہ حرمین شریفین کے دفاع کے مسئلہ پر دنیا بھر کے مسلمان متحد و بیدار ہیں۔

دفاع پاکستان کونسل کے قائدین نے کہاکہ مسجد نبوی ﷺپر حملہ کی کوششوں پر مسلم دنیا کی طرف سے گہرے دکھ اور رنج و غم کاا ظہار کیا جارہا ہے اورپورا عالم اسلام اس دہشت گردی کیخلاف سراپا احتجاج ہے۔ جس دن خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز امریکی صدر اوبامہ کو تنہا چھوڑ کر نماز کی ادائیگی کیلئے چلے گئے تھے اسی دن سے سعودی عرب کیخلاف صیہونی و یہودی لابی کی نفرت میں بہت زیادہ اضافہ ہو گیا تھا۔

آج ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان، سعودی عرب سمیت پوری مسلم دنیا کے حکمران باہم متحد ہو جائیں اور سرزمین حرمین شریفین کے تحفظ کیلئے جرأتمندانہ کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ سرزمین حرمین شریفین سے ہر مسلمان کا ایک قلبی اور روحانی تعلق ہے اس لئے مسجد نبوی ﷺ پر خودکش حملہ کی ناپاک کوششوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ جو لوگ بھی ایسی ناپاک حرکتوں میں ملوث ہیں وہ یقینا دشمن قوتوں کے ہاتھوں میں کھیل رہے اور ا ن کے مذموم ایجنڈوں کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ حرمین شریفین کے دفاع اور اسلام دشمن قوتوں کی سازشوں کی بیخ کنی کیلئے مسلمان ملکوں کو باہم متحد ہو کرمضبوط کردار ادا کرنا چاہیے۔