سعودی عرب میں دہشت گردی کی مذمت

Mohammad Ali IPA محمد علی منگل 5 جولائی 2016 19:36

لاہور (اْردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی05 جولائی ۔2016ء ) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ محمد ارشد، سینئر نائب صدر الماس حیدر اور نائب صدر ناصر سعید نے سعودی عرب میں دہشت گردی کے گھناؤنے واقعات کی انتہائی سختی سے مذمت کرتے ہوئے اسے عالم اسلام کے لیے ایک سانحہ قرار دیا اور او آئی سی و اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر سربراہانِ مملکت کا اجلاس طلب کرکے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے جنگی بنیادوں پر حکمت عملی وضع کریں کیونکہ پانی اب سر سے گزرتا جارہا ہے۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ دہشت گردی اب ایک بین الاقوامی مسئلہ بن چکا ہے اور دنیا بھر میں کوئی بھی ملک اس ناسور سے محفوظ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اب یہ سمجھ لینا چاہیے کہ دہشت گردی ایک مشترکہ مسئلہ ہے اور یہ دنیا بھر میں کہیں بھی ہو اس پر آنکھیں بند کرنے کے بجائے سب کو مل کر اس کا تدارک کرنا چاہیے۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ سعودی عرب پر حملہ عالم اسلام پر حملہ ہے ، پاکستانی قوم بالعموم اور تاجر برادری بالخصوص اپنے سعودی بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی صرف عالم اسلام کا مسئلہ نہیں بلکہ یورپ بھی اس کا نشانہ بن چکا ہے لہذا دنیا بھر کے سربراہانِ مملکت کو مل بیٹھ کر دہشت گردی کا ناسور جڑ سے اکھاڑپھینکنے کے لیے کام کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ماضی قریب میں یورپین ممالک اور اب سعودی عرب پر دہشت گردوں کا حملہ عالمی امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے جس کا آہنی ہاتھوں سے توڑ کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :