اینگرو فوڈز کا ہالینڈ سے کمپنی کے حصص فروخت کرنے کا معاہدہ

منگل 5 جولائی 2016 14:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 جولائی- 2016ء) اینگرو کارپوریشن نے اپنی مکمل ملکیتی ماتحت کمپنی اینگرو فوڈز کے 51 فیصد حصص ہالینڈ کی کمپنی فریز لینڈ کمپینا کو فروخت کرنے کا معاہدہ کرلیا ہے، تاہم نئے ڈھانچے کے تحت اینگرو کارپوریشن، اینگرو فوڈز کی ایک اہم پارٹنر اور شیئرہولڈر رہے گی۔فریز لینڈ کمپینا، سوئیفل کوپریتی فریز لینڈ کمپینا کی100 فیصد ملکیتی ماتحت کمپنی ہے۔

اس کا ریونیو11 ارب یورو ہے اور19000 فارمر اس کے ممبران ہیں۔فریز لینڈ کمپینا اپنے دنیا بھر کے لاکھوں صارفین کو اعلی معیاری اور غذائیت سے بھرپور مصنوعات فراہم کرتی ہے۔ یہ دنیا کے 32 ممالک میں موجود ہوے اور100 ممالک کو اپنی مصنوعات برآمدبھی کرتی ہے۔فریز لینڈ کمپینا کے عالمی برانڈز کو لاکھوں صارفین استعمال کرتے ہیں، ان مصنوعات میں شیر خوار بچوں کے لیے نیوٹریشن، ڈیری مصنوعات، دہی، ڈزرٹ، مکھن اور پنیر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس کے چند برانڈز عالمی شہرت کے حامل ہیں جیسے فریسو، ڈچ لیڈی اور رینبو۔ اینگرو کارپوریشن کے چیئرمین سین داؤدکے مطابق یہ پاکستان کے لیے تبدیلی کا لمحہ ہے کیونکہ اس معاہدے کی وجہ سے پاکستان کے غیر روایتی سیکٹرز میں بھی بیرونی سرمایہ کاری کے دروازے کھل گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس شراکت داری کی بدولت ہم پاکستان کے صارفین خصوصا نوجوان طبقے کو سستی اور معیاری ڈیری مصنوعات فراہم کرسکیں گے ساتھ ساتھ ہمارے ملک کے لاکھوں گوالوں کا معیار زندگی بھی بہتر ہوگا جس کی ہم گزشتہ پانچ دہائیوں سے کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کی کمپنی آر ایف سی کے ساتھ مل کر کام کرنے سے ڈیری سیکٹر کی پیداواری صلاحیت کو بڑھانے کے لیے ہماری طرف سے کی جانے والی کوششوں کو بھی دوام ملے گا۔ مجھے یقین ہے کہ یہ شراکت داری ہمارے حصص یافتگان کے لئے زبردست طویل مدتی ویلیو بڑھائے گی۔۔

متعلقہ عنوان :