چین اور روس کے درمیان مفاہمت اور تعاون میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے

منگل 5 جولائی 2016 13:55

ماسکو(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 جولائی- 2016ء) چین کی نائب وزیراعظم لیویانگ ڈانگ نے کہا ہے کہ چین اور روس کے عوام کے درمیان مفاہمت اور تعاون میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ،تعلیم ،ثقافت ، صحت کھیل ، سیاحت ، ذرائع ابلا غ اور فلم کے شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان ایک دوسرے کے مفاد میں تعاون میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ۔ ان شعبوں میں تعاون دونوں ملکوں کے تعلقات میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔

یہ بات چین کی نائب وزیراعظم لیو یانگ ڈانگ چین ،روس تعاون کمیٹی کے 17ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس اجلاس کی صدارت چینی نائب وزیراعظم اور روسی نائب وزیراعظم اولگاگولوڈیٹس نے مشترکہ طور پر کی ۔چینی نائب وزیراعظم نے دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے تعلقات کی تعریف کی جن میں دونوں ملکوں کے نوجوانوں اورذرائع ابلاغ کے درمیان تبادلہ خیال بھی شامل تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہنوجوانوں کے تبادلے کے سال کے دوران 800مختلف سرگرمیاں منعقد کی گئیں جن میں لاکھوں نوجوانوں نے بڑی دلچسپی سے حصہ لیا جبکہ ذرائع ابلاغ اور ثقافت کو فروغ دینے کے لئے 4معاہدوں پر دستخط کئے گئے جن کے مطابق 227منصوبے مکمل کئے جائیں گے ۔چینی نائب وزیراعظم نے اس بات کا خاص طور پر ذکر کیا کہ عوام کے درمیان رابطوں کے باعث روس میں چینی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ دونوں ملکوں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کی تعداد70ہزار تک پہنچ گئی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان تعاون شنگھائی تعاون تنظیم کے فریم ورک کے اندر آگے بڑھنا چاہیے اس سلسلے میں انٹرنیشنل سلک روڈ ریلی کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جو 8جولائی سے 24جولائی تک جاری رہے گی اور یہ کار ریلی روس ، قزاقستان اور چین کے مختلف علاقوں سے گزرتی ہوئی اختتام پذیر ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :