امریکہ چین کے عالمی اور علاقائی کردار کو محدود کرنا چاہتا ہے

منگل 5 جولائی 2016 13:54

روم(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 جولائی- 2016ء) جنوبی بحیرہ چین کے تنازعہ میں امریکی مداخلت کا مقصد چین کی بڑھتی ہوئی طاقت کو روکنا اور علاقائی اور عالمی سطح پر اس کے کردار کو محدود کرنا ہے ۔امریکہ چین کو اقتصادی طور پر مضبوط تو دیکھنا چاہتا ہے لیکن وہ یہ نہیں چاہتا کہ چین فوجی لحاظ سے طاقتور ہو کر عالمی اور علاقائی سطح پر اپنا بھر پور کردار ادا کریں اور یہ ہی جنوبی بحیرہ چین کے تنازعہ اور کشیدگی کا اصل پس منظر ہے کیونکہ امریکہ اسے ایک عالمی اور علاقائی طاقت کے طور پر ابھرتا ہوا نہیں دیکھ سکتااور وہ اس کے نظریاتی اور ثقافتی اثرات کو روکنا چاہتا ہے تاکہ وہ اس کی بالادستی کے لئے کوئی چیلنج نہ بن سکے ۔

یہ بات اٹلی کی کمیونسٹ ریفاؤنڈیشن پارٹی کی سیاسی کمیٹی کے رکن اور ماہر اقتصادیات ڈامی نیکو مورونے چینی خبررساں ایجنسی شنہوا کے ساتھ اپنے ایک خصوصی انٹرویو میں کہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فلپائن یکطرفہ طور پر اس تنازعہ کو 2013میں عالمی ثالثی عدالت میں لیکر گیا تھا حالانکہ یہ تنازعہ عالمی ثالثی عدالت کے دائرہ سماعت میں نہیں آتا اور جب کوئی معاملہ یکطرفہ طور پر ثالثی عدالت میں پیش کیا جائے تو کوئی بھی ملک اس فیصلے پر عمل درآمد کا پابند نہیں ہوتا ۔

انہوں نے کہا کہ چین اور فلپائن کے اس تنازعہ کے باعث جنوبی بحیرہ چین میں کشیدگی بڑھ رہی ہے اور امریکہ کے جنگی ہوائی اور بحری جہاز کئی ماہ سے علاقے میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کر رہے ہیں جو کہ امریکہ کی جارحانہ حکمت عملی کا ایک حصہ ہے ۔ امریکہ اب اپنے اقتصادی زوال کی طرف جا رہا ہے ۔ایسے دور میں ہر بڑی طاقت دوسری طاقت کا راستہ روکنے کے لئے کچھ اقدام کرتی رہتی ہے جیسا کہ امریکہ اب چین کے خلاف کر رہا ہے ۔

امریکہ کی حکمت عملی کا ہدف بتدریج سینٹرل ایشیا مڈل ایسٹ اور ایشیائی ممالک بن رہے ہیں اور امریکہ ایشیائی علاقے کے وسائل سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے اس لئے وہ اپنے آپ کو چین کا ایک بڑا مدمقابلہ سمجھتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ چین کا جنوبی بحیرہ چین کے معاملے میں موقف بالکل درست ہے اور اسے اپنے قومی مفاد کا تحفظ کرنے کا پورا پورا حق ہے تاہم اسے امریکہ کے ساتھ کسی تصادم میں الجھنے سے گریز کرنا چاہیے اور اپنی معاشی ترقی اور قانونی مفاد کے تحفظ کے لئے کام کرنا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ چین کی معاشی ترقی اور عوام کا بہتر معیار زندگی ہی امریکہ اور عالمی چیلنجوں کا بہترین جواب ہے کیونکہ چین کی اصل طاقت اس کے اپنیاستحکام میں ہے ۔

متعلقہ عنوان :