بحیرہ جنوبی چین کے تنازعہ پر کسی بھی جنگ کیلئے تیار رہنا چاہئے،چینی ذرائع ابلاغ

منگل 5 جولائی 2016 13:27

بیجنگ ۔ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 جولائی- 2016ء) چین کے سرکاری ذرائع ابلاغ نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو بحیرہ جنوبی چین کے تنازعہ پر کسی بھی جنگ کیلئے تیار رہنا چاہئے، چینی بحریہ نے متنازعہ جزائر پراسل میں جنگی مشقیں شروع کر رکھی ہیں جو ایک ہفتہ تک جاری رہیں گی۔ ممتاز چینی اخبار گلوبل ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ چین کو بحیرہ جنوبی چین میں اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنا چاہئے اور کسی بھی فوجی تنازعہ کیلئے تیار رہنا چاہئے۔

اخبار نے مزید لکھا ہے کہ اگرچہ چین امریکا کے ساتھ قلیل المدتی جنگ میں کامیابی کی بھرپور صلاحیت نہیں رکھتا تاہم اسے ایسے دفاعی اقدامات کو یقینی بنانا چاہئے کہ امریکا کو بحیرہ جنوبی چین کے معاملہ پر ممکنہ فوجی مداخلت کی پوری قیمت ادا کرنا پڑے۔

(جاری ہے)

ایک اور اخبار چائنا ڈیلی نے اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ امریکا چین کے خلاف پروپیگنڈا میں پیش پیش ہے اور یہ تاثر دینے کی کوشش کر رہا ہے کہ بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرنے والے ممالک کی برادری میں چین تنہائی کا شکار ہے۔

اخبار نے مزید لکھا ہے کہ چین سے یہ توقع نہیں کہ وہ امریکا اور اس کے دوست ممالک کے ہاتھوں اس تذلیل کو بآسانی برداشت کر لے گا۔ واضح رہے کہ بحیرہ مغربی چین کے قدرتی وسائل سے مالا مال جزائر پر چین کے علاوہ خطہ کے کئی ایسے ممالک کا دعوی ہے جن کے امریکا کے ساتھ دفاعی تعاون کے معاہدے موجود ہیں۔