بحرین جاوید ملک کی کوششوں کے نتیجے میں اسیر 82 پاکستانیوں کو عید سے قبل رہائی نصیب ہو گئی

منگل 5 جولائی 2016 12:41

منامہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 جولائی- 2016ء) بحرین میں پاکستانی سفارتخانے اور وہاں متعین سفیر جاوید ملک کی کوششوں کے نتیجے میں اسیر 82 پاکستانیوں کو عید سے قبل رہائی نصیب ہو گئی، ان 82 پاکستانی شہریوں کو شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کی طرف سے عید الفطر کی آمد کی خوشی میں معافی ملی ہے۔ پاکستانی سفیر جاوید ملک نے اس سال مئی میں بحرین کی جیل کا دورہ کیا، ان کے ہمراہ پاکستانی سفارتخانے کا وفد بھی تھا جنہوں نے وہاں قید پاکستانیوں سے ملاقات کی اور ان کا معاملہ بحرین میں متعلقہ انتظامیہ کیساتھ اٹھایا۔

سفارتخانے سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سفیر جاوید ملک نے کہا ہے کہ بحرین میں ان کی ترجیحات میں پاکستانی شہریوں کی مدد کرنا رہا ہے جونامساعد حالات کا شکار ہو جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ بحرین کے قوانین کو مدنظر رکھتے ہوئے ان پاکستانیوں کے مسائل کے حل کی کوششیں کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بحرین کی انتظامیہ جن کی سربراہی یہاں کی وزارت داخلہ کرتی ہے، نے اور میری ٹیم نے پاکستانی سفارتخانے کے ساتھ بھرپور معاونت کی اور پوری مدد دی۔

انہوں نے بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کی جانب سے پاکستانیوں کی رہائی کیلئے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رہا ہونے والے پاکستانی جلد ہی اپنی پیاروں سے مل سکیں گے۔ انہوں نے پاکستانی وزار تخارجہ کی بھی توصیف کی جنہوں نے اس معاملے میں ان کو بھرپور رہنمائی فراہم کی۔

متعلقہ عنوان :