جدہ میں امریکی قونصل خانے کا خودکش بمبار پاکستانی تھا، سعودی عرب کادعویٰ

منگل 5 جولائی 2016 12:25

واشنگٹن/الریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 جولائی- 2016ء) سعودی عرب کی وزارتِ داخلہ نے دعویٰ کیا ہے کہ جدہ میں واقع امریکی قونصل خانے کی عمارت کے قریب خود کو اڑانے والا خود کش بمبار عبداللہ گلزار خان نامی شخص پاکستانی تھا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے ٹوئٹ میں کہا کہ عبداللہ گلزار خان گذشتہ 12 سالوں سے سعودی عرب میں مقیم تھا۔

وزارت داخلہ کے مطابق گلزار خان 15 ستمبر 1981 کو پیدا ہوا اور وہ اپنی اہلیہ اور اہلیہ کے والدین کے ہمراہ سعودی عرب میں مقیم تھا۔گلزار خان ڈرائیور تھا اور 12 سال قبل سعودی عرب آیا تھا۔سعودی وزارتِ داخلہ کے ترجمان میجر جنرل منصور الترکی نے بتایا کہ محافظوں کو صبح سوا دو بجے کے قریب ڈاکٹر سلیمان فقیہ ہسپتال کے باہر کھڑی ایک گاڑی میں بیٹھے شخص کے بارے میں شک پیدا ہوا۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ جب محافظ گاڑی کے قریب پہنچے تو اس میں بیٹھے شخص نے ’ہسپتال کی پارکنگ کے اندر اپنی خودکش بیلٹ سے اپنے آپ کو اڑا دیا۔‘سعودی عرب میں امریکی سفارت خانے نے حملے کے بعد ایک تنبیہ جاری کی ہے جس میں امریکی شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ ’اپنے گرد و پیش سے باخبر رہیں اور ملک بھر میں سفر کرتے وقت اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔پاکستان کے ریاض میں سفیر نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان کا ہر اس پاکستانی شخص سے کوئی تعلق نہیں جو سعودی عرب میں کسی بھی قسم کے پرتشدد واقعات میں ملوث ہو۔

متعلقہ عنوان :