ایف بی آر نے سالانہ ہدف سے زیادہ ٹیکس جمع کرنیکادعوی کردیا

منگل 5 جولائی 2016 12:18

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 جولائی- 2016ء) ایف بی آر نے سالانہ ہدف سے آٹھ ارب روپے زیادہ ٹیکس جمع کرنے کا دعویٰ کر دیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ تیس جون تک ٹیکس کی مد میں تین ہزار ایک سو بارہ ارب روپے جمع کیے گئے ہیں۔ایف بی آر نے عبوری اعداد وشمار کی بنیاد پر دعویٰ کیا ہے کہ تیس جون کو ختم ہونے والے مالی سال کے دوران تین ہزار ایک سو چار ارب کے ہدف کے مقابلے میں تین ہزار ایک سو بارہ ارب روپے ٹیکس جمع ہوا۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق ٹیکس محاصل میں نان ٹیکس ریونیو شامل نہیں ہیں۔ اس دوران چون ارب روپے کا ری فنڈ بھی ادا کیا گیا۔ انکم ٹیکس کی مد میں ایک ہزار دو سو سترہ ارب اور سیلز ٹیکس کی مد میں ایک ہزار تین سو ستاون ارب روپے جمع کیے گئے۔ اس دوران کسٹمز ڈیوٹی چار سو ایک ارب جبکہ ایکسائز ڈیوٹی ایک سو بانوے ارب روپے رہی۔ حکام کے مطابق ایف بی آر نے سارا ٹیکس اپنی کوششوں سے جمع کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے ٹیکس ہدف پورا کرنے کیلئے دو سو بیس ارب روپے کے ری فنڈ روک رکھے ہیں جبکہ بعض کمپنیوں اور اداروں سے ایڈوانس ٹیکس بھی وصول کیا گیا ہے۔۔

متعلقہ عنوان :