انڈونیشیا: پولیس اسٹیشن پر خودکش حملہ، اہلکار زخمی، حملہ آ ور ہلاک

منگل 5 جولائی 2016 12:16

جکارتہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔5 جولائی- 2016ء) انڈونیشیا کے شہر سولو کے پولیس اسٹیشن پر خودکش حملے کے نتیجے میں ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔ فرا نسیسی خبر رساں ادارے نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ انڈونیشیا کے شہر سولو میں موٹر سائیکل سوار خودکش بمبار نے پولیس اسٹیشن پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا۔پولیس اسٹیشن کے ترجمان رافلی عمار نے بتایا کہ حملہ آور صبح ساڑھے 7 بجے زبردستی پولیس اسٹیشن کے احاطے میں داخل ہوا۔

(جاری ہے)

انھوں نے بتایا کہ حملہ آور کو پولیس اسٹیشن کی کینٹین میں داخل ہونے سے روکنے پر اس نے خود کو زور دار دھماکے سے اڑالیا۔پولیس اسٹیشن کے ترجمان رافلی عمار نے مقامی میڈیا کو انٹرویو میں بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حملہ آور ہلاک ہوچکا ہے جبکہ ایک پولیس اہلکار کی زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔واضح رہے کہ رواں برس جنوری میں انڈونیشیا میں فائرنگ اور خود کش حملے کے نتیجے میں 4 شہری اور 4 حملہ آوروں کی ہلاکتیں ہوئی تھیں