بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جان مکین کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور اور افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے علاقائی سلامتی کے معاملات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا

ہفتہ 2 جولائی 2016 22:54

راولپنڈی ۔ 2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 جولائی ۔2016ء) بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جان مکین کی سربراہی میں سینیٹر لنڈسے گرام اور جوئی ڈونلے) (joe donnelly پر مشتمل امریکی کانگریس کے وفد نے ہفتہ کو راولپنڈی میں ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کی جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے علاقائی سلامتی کے معاملات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے پاکستان کو درپیش سلامتی کے چیلنجوں ،علاقائی استحکام اور عالمی امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور پاکستان افغانستان سرحد پر موثر سرحدی انتظامات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ سرحد کی دونوں جانب سے غیر قانونی نقل وحرکت پر نظر رکھی جاسکے ۔

(جاری ہے)

بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ایک مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے اور دونوں ملکوں کے درمیان بہتر تعلقات علاقائی امن وسلامتی کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ سینیٹر جان مکین نے آپریشن ضرب عضب میں پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج کی دہشتگردی کے خلاف کامیابیاں انتہائی شاندار ہیں اور اس سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے عزم کی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کو تمام شعبوں میں تعلقات بہتر بنانے کی ضرورت ہے اور دونوں ملکوں کو خطے میں امن کے زیادہ سے زیادہ ثمرات سمیٹنے کیلئے زیادہ سے زیادہ روابط کو فروغ دینا چاہئے۔