حافظ نعیم الرحمن کی وزیر بلدیات جام خان شورو اور ایڈ منسٹریٹر کراچی لئیق احمد سے ملاقاتیں

پانی ،بجلی کا بحران اور سیوریج کے نظام کے مسائل کا مستقل حل نکالا جائے ،جماعت اسلامی تعاون کے لیے تیار ہے ۔حافظ نعیم الرحمن

ہفتہ 2 جولائی 2016 22:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جولائی ۔2016ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد نے کراچی کے عوام کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلہ میں وزیر بلدیات جام خان شورو سے ان کے گھر پر اور ایڈ منسٹریٹر کراچی لئیق احمد سے کیمپ آفس گلشن اقبال میں ملاقات کی اور شہریوں کو درپیش گوں نہ گوں مسائل اور مشکلات کو فوری طور پر حل کرنے پر زور دیا ۔

وفد میں جماعت اسلامی کراچی کے سکریٹری عبد الوہاب ، نائب امیر مسلم پرویز ، ڈپٹی سکریٹری سیف الدین ایڈوکیٹ ،قاضی صدر الدین ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان شامل تھے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے ملاقاتوں کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو بھی کی اور بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

وزیر بلدیات سے ہونے والی ملاقات میں حافظ نعیم الرحمن نے اس بات پر زور دیا کہ کراچی کے شہریوں کے مسائل کا مستقل حل نکالا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ بارش کے بعد شہر کی صورتحال انتہائی خراب ہوگئی ہے ۔پانی کا بحران مزید بڑھ گیا ہے اور شہری پانی کو ترس گئے ہیں شہر میں پانی کی تقسیم کا نظام درست نہیں ہے ۔سیوریج کا نظام بری طرح تباہ ہوگیا ہے جگہ جگہ گندے پانی کے جوہڑ بنے ہوئے ہیں اور کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں ۔نکاسی آب اور کچرے کو ٹھکانے لگانے کا کوئی نظام موجود نہیں ہے ۔

گند اور غلاظت سے بدبو اور تعفن پیدا ہورہا ہے جس سے شہری شدید ذہنی وجسمانی اذیت سے دو چار ہیں اور شہر میں بیماریوں کے پھیلنے کا بھی اندیشہ ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ڈھائی کروڑ سے زائد آبادی والے شہر کے عوام کے لیے بجلی کی بلا تعطل فراہمی کا کوئی انتظام نہیں ہے اور کے الیکٹرک نے عوام کی زندگی اجیرن بنا کر دکھ دی ہے ۔کے الیکٹرک کی نااہلی اور ناقص کارکردگی نے عوام کے مسائل میں اضافہ کیا ہے ۔

بار ش کے بعد کئی فیڈز رٹرپ ہوگئے ہیں اور بعض علاقوں میں کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہی اور وولٹیج کی کمی اور زیادتی نے شہریوں کے گھروں میں قیمتی الیکٹرانک اشیاء کو شدید نقصان پہنچایا جبکہ دوسری طرف اوور بلنگ ایک الگ مسئلہ بنا ہوا ہے لیکن کے الیکٹر ک کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی جارہی ۔حافظ نعیم الرحمن نے وزیر بلدیات جام خان شورو اور ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد کو مسائل کے حل کے سلسلہ میں جماعت اسلامی کی طرف سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ شہری مسائل کے حل کے لیے ہم اپنا کردار ادا کرنے کو تیا رہیں ۔

جماعت اسلامی نے ہنگامی حالات میں ہمیشہ آگے بڑھ کر عوام کی خدمت کی ہے ۔وزیر بلدیا ت نے بتا یا کہ K.4کے منصوبے پر جلد از جلد کام شروع ہونے والا ہے اور اس سلسلہ میں تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں کئی ڈی ایم سیز میں کچرا اٹھانے کا ٹھیکہ دے دیا گیا ہے اور ہم اس کا پورا نظام بنا رہے ہیں ہم کراچی کے پورے نظام کو ٹھیک کرنا چاہتے ہیں ۔وزیر بلدیا ت نے جماعت اسلامی کی جانب سے تعاون کی پیشکش پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ جماعت اسلامی تین مرتبہ شہری حکومت میں رہی ہے اور ایک بڑی مؤثر جماعت ہے ۔

بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حقیقت میں کراچی کے مسائل کے حل کے لیے مستقل بنیادوں پر کبھی کوئی کوشش ہی نہیں کی گئی اگر اخلاص اور نیک نیتی کے ساتھ کام کیا جائے تو کراچی کو بھی ترقی یافتہ شہر بنایا جاسکتا ہے ۔انہوں کہا کہ کراچی کو ایک بڑے پیکج کی ضرورت ہے جس میں وفاقی اور صوبائی دونوں حکومتیں تعاون کریں ۔

متعلقہ عنوان :