جنرل راحیل شریف سے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے وفد کی ملاقات

باہمی دلچسپی کے امور ، خطے کی سیکیورٹی بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے ،دونوں ممالک کے تعلقات علاقائی امن اور سلامتی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، آرمی چیف

ہفتہ 2 جولائی 2016 22:31

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جولائی ۔2016ء ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے دونوں ممالک کے تعلقات علاقائی امن اور سلامتی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں ۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہفتہ کو چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف سے امریکی سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر جان مکین نے کانگریسی وفد کے ہمراہ ملاقات کی ۔

وفد میں سینیٹر لنڈسے گراہم اور سینیٹر جو ڈونلے شامل تھے ۔ امریکی وفد دورہ پاکستان پر آیا ہوا ہے ۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی اور خطے کی سیکیورٹی بالخصوص افغانستان کی صورتحال زیر غور لائی گئی آرمی چیف نے پاکستان کو درپیش چیلنجز اور علاقائی استحکام اور عالمی امن پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں ، پاک افغان سرحد پر غیر قانونی نقل و حرکت روکنے کیلئے موثر باڈر مینجمنٹ کی ضرورت کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا ۔

پاک فوج کے سربراہ نے کہا کہ ایک مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات علاقائی امن اور سلامتی کیلئے کلیدی حیثیت کے حامل ہیں ۔ سینیٹر جان مکین نے آپریشن ضرب عضب میں پاکستان کی کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی فوج کی انسداد دہشتگردی کے آپریشن میں کامیابیاں غیر معمولی ہیں اور ان سے دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکے کے پاکستانی عزم کی عکاسی ہوتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کو تمام شعبوں میں تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے اور خطے میں امن کیلئے دونوں ممالک کو قریبی رابطے رکھنے چاہئیں ۔