بی آئی ایس پی کے تحت بلوچستان کی غریب خواتین کی مالی مدد کرکے ان کے تخلیقی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کیا جائیگا ،جو مافیا نادار خواتین کے پیسے کھا جاتی ہے ہم ا س کو ختم کردیں گے ،چاغی میں بی آئی ایس پی کے تحت ایک مرتبہ پھر سروے کروائیں گے

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن کا دالبندین میں خواتین کے اجتماع سے خطاب

ہفتہ 2 جولائی 2016 20:51

چاغی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جولائی ۔2016ء) وزیرمملکت وبے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن ماروی میمن نے کہا ہے کہ بی آئی ایس پی کے تحت بلوچستان کی غریب خواتین کی مالی مدد کرکے ان کے تخلیقی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کیا جائے گا ،جو مافیا نادار خواتین کے پیسے کھا جاتی ہے ہم انھیں کھا جائیں گے، ضلع چاغی میں بی آئی ایس پی کے تحت ایک مرتبہ پھر سروے کروائیں گے ۔

وہ ہفتہ کو چاغی کے صدر مقام دالبندین پہنچنے پر مرکزی ہائی اسکول کے ہال میں خواتین کے اجتماع سے خطاب کر رہی تھیں ۔اس موقع پر ان کے ہمراہ بی آئی ایس پی بلوچستان کے ڈاریکٹرجنرل عبدالرؤف خان و دیگر حکام بھی تھے۔ بی آئی ایس پی کے چیئر پرسن ماروی میمن نے خواتین سے خطاب کے دوران کہا کہ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے انھیں جو ذمہ داری سونپی ہے وہ اسے بہتر انداز سے پوری کرکے دم لے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے دالبندین آمد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا بلوچستان کی خواتین میں بہت زیادہ صلاحیتیں موجود ہیں جن کی جفاکشی اور استقامت قابل قدر ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ صوبے میں دستکاری کے شعبے کی ترقی کے لیئے مزید اقدامات اٹھائیں گے تاکہ خواتین کو خودکفیل بناکر انھیں باعزت روزگار دی جائے۔ بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگلے سال کو سروے کرانے کا مقصد یہ ہے کہ جو خواتین پہلے رہ گئیں تھیں انھیں بی آئی ایس پی سے مستفید کرایا جائے کیونکہ ضلع چاغی میں بہت زیادہ غربت ہے اس لیئے حکومت اس حساب سے یہاں کی خواتین کو مالی اور فنی امداد دے گی۔

انہوں نے شرکاء سے خطاب کے دوران قومی نعرہ بلند کرکے وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے حق میں بھی نعرے بازی کی۔