Live Updates

عمران خان احتجاجی تحریک چلاکر دیکھ لیں ،انشاﷲ انہیں ایک بارپھر مایوسی ہوگی،علی اکبر گجر

ہفتہ 2 جولائی 2016 20:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جولائی ۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے نائب صدر علی اکبر گجر نے کہاہے کہ عمران خان احتجاجی تحریک چلاکر دیکھ لیں ،انشاﷲ انہیں ایک بارپھر مایوسی ہوگی،عوام ان کی منافقت اور فریب کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں اس لئے اب تحریک انصاف کے سربراہ کی مکاریاں نہیں چلیں گی۔ عوام نے کل بھی انہیں قبول نہیں کیا اور اب بھی ان کے لئے سڑکوں پرنہیں نکلیں گے۔

اس لئے ہم عید کے بعد ان کی احتجاجی تحریک کی دھونس میں نہیں آئیں گے۔عمران خان کا دورہ کراچی ان کے ماضی کے دوروں کی طرح ایک فلاپ شو تھا،کراچی کے عوام نے انہیں بری طرح سے نظراندازکیا۔اس سبکی کے بعد انہیں اپنی سیاسی حیثیت کا اندازہ ہوجانا چاہئے۔ وہ بلال کالونی میں مسلم لیگ(ن) کی مقامی تنظیم کی طرف سے اپنے اعزازمیں دئیے گئے افطار عشائیہ سے خطاب کررہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرمسلم لیگ (ن) ضلع کورنگی کے صدرعلی عاشق گجر،فصیح الرحمٰن، محمدفاضل عباسی، چوہدری محمدسلیم،فیاض لاشاری،سردار گل خطاب،احسن ورک،رانامحمدجمیل ،سلطان بہادر،غلام مصطفی ایڈووکیٹ، حاجی صالحین تنولی، صاحبزادہ اظہرہمدانی ، محمداقبال خاکسار، قاضی زاہدحسین، سردارمحمدنذیر، راناعارف، حاجی محمداقبال، میاں الیاس رشید، راناعنصر، ظہیر عباسی، سردار گل خطاب، چوہدری اسدحسین اور دیگر بھی شریک تھے۔

انہوں نے کہا کہ اگرعوام مسلم لیگ(ن) کی حکومت سے مطمئن نہ ہوتے تو تحریک انصاف کا پچھلا دھرنا کامیابی سے ہمکنار ہواہوتا۔ عمران خان نے اسلام آباد میں ایک سوساٹھ روزہ دھرنا دیا جو بالآخر ناکام ہوا،عوام ان کی ترغیبات میں نہیں آئے اور اب بھی وہ ایک راندہ درگاہ اور جنونی انسان کے لئے قومی مفادات داؤپرنہیں لگائیں گے۔علی اکبرگجرنے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مسلم لیگ(ن)کی حکومت عمران خان کی دھمکیوں اور دھونس سے مرعوب نہیں ہوگی، بلکہ اگر احتجاج کے دوران تحریک انصاف اوراس کے رہنماؤں اور کارکنوں نے قانون ہاتھ میں لیا تو عمران خان اور ان کے حواریوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :