عید الفطر کے موقع پرخصوصی طور پر عیدگاہوں ، علاقہ مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف مثالی صفائی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں اورعید کی چھٹیوں کے دوران بلدیاتی عملے کوالرٹ رکھا جائے،کمشنر کراچی اعجازاحمد خان

ہفتہ 2 جولائی 2016 20:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جولائی ۔2016ء) کمشنر کراچی اعجازاحمد خان نے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پرخصوصی طور پر عیدگاہوں ، علاقہ مساجد و امام بارگاہوں کے اطراف مثالی صفائی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں اورعید کی چھٹیوں کے دوران بلدیاتی عملے کوالرٹ رکھا جائے، وہ ہفتے کے روز کمشنر آفس میں نالوں کی صفائی اور عید الفطر کے موقع پرشہر میں بلدیاتی انتظامات سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے،اجلاس میں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمی کراچی لئیق احمد ، مینجنگ ڈائریکٹر کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈمصباح الدین فرید ،تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، سینئر ڈائریکٹرمیونسپل سروسز اور ایڈمنسٹریٹر ضلعی میونسپل کارپوریشنزشریک تھے،ڈپٹی کمشنر ز کی جانب سے اجلاس کو رین ایمرجنسی سے متعلق انتظامات اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کیا ،اس موقع پر کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنر زاور ضلعی میونسپل کارپوریشنز کے ایڈمنسٹریٹر ز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اپنے اپنے اضلاع میں نالوں کی صفائی کا عمل جاری رکھا جائے اور ساتھ ساتھ گلی محلوں اور چوراہوں کی صفائی کے خصوصی انتظامات کئے جائیں اور کچرا جمع نہ ہونے دیا جائے،انہوں نے ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عید پر پانی کی سپلائی کے مناسب انتظامات کو بھی یقینی بنایا جائے جن علاقوں میں پانی کی سپلائی سے متعلق کوئی تیکنیکی مسئلہ درپیش ہے تو ان علاقوں میں پانی ٹینکرز کے زریعے علاقہ مکینوں کو پانی فراہم کیا جائے ،انہوں نے کے ایم سی افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ساحل سمندر پر نہانے کی پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے ، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کے ایم سی اپنی ساحلی حدود پر ریسکیوعملہ کی ہر وقت موجودگی کو یقینی بنائے ، کمشنر نے ضلعی میونسپل کارپویشنز کے ایڈمنسٹریٹر ز کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نجی عمارتوں میں لگے خطرناک بل بورڈز اتروادیئے جائیں ،وہ بل بورڈجو کسی بھی وقت کسی بھی جانی ومالی نقصان کا سبب بن سکتے انہیں فوری طور پر اتروادیا جائے اس سلسلے میں نجی عمارتوں کے ذمہ داروں کو فوری طور نوٹس بھی بھجوادیئے جائیں۔