رمضان المبارک کے آخری دنوں میں ٹریفک کے بہاؤ میں مزید بہتری اورٹرانسپورٹ کرایوں کی اوور چارجنگ روکنے کی ہدایت

ٹریفک کی روانی کے ساتھ ساتھ اوور چارجنگ کے مرتکب ٹرانسپورٹروں کے خلاف بھرپور کارروائی جاری رکھیں ‘ سی ٹی او طیب حفیظ چیمہ

ہفتہ 2 جولائی 2016 19:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جولائی ۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسر لاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ عید الفطر کے دنوں میں لاری اڈوں پر ٹریفک انتظامات کی بہتری کیلئے 5ٹریفک انسپکٹرز کی نگرانی میں 63ٹریفک وارڈنز تعینات کردیئے گئے ہیں علاوہ ازیں ٹرانسپورٹ کرایوں کی اوور چارجنگ روکنے کیلئے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپوٹ اتھارٹی کے ہمراہ بھی 4ٹریفک وارڈنز تعینات کیئے گئے ہیں جو آج سے چاند رات تک اوور چارجنگ کے خلاف انسدادی کارروائی یقینی بنائیں گے ۔

طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ ر مضان المبارک کے آخری دنوں میں ٹریفک کی روانی میں مزید بہتری ، شہریوں کی سہولت اور ٹرانسپورٹ کرایوں کی اوور چارجنگ روکنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیئے گئے ہیں۔سی ٹی ا و نے کہا کہ عیدالفطر کے قریب آتے ہی لاری اڈے ،ویگن بس سٹینڈوں پر غیر معمولی رش ہوجاتاہے اسی بناء پر بعض مفاد پرست عناصرکرایوں میں اوور چارجنگ کرتے ہیں سی ٹی او نے کہا کہ ایسے عناصر کی سرکوبی کیلئے ایس پیز ،ڈی ایس پیز اور سیکٹرانچارجز کو بھی سختی سے ہدایت جاری کردی گئی ہیں جبکہ موٹر وہیکل ایگزامینربھی شہر بھر میں چیکنگ کریں گے اسکے ساتھ ساتھ ٹریفک سیکٹر لاری اڈا سے15،شاہدرہ سے 12،لوئر ما ل سے 12،سیکٹرنواں کوٹ سے12اور ٹریفک سیکٹر نیاز بیگ سے 12وارڈنز کو انکے علاقے میں واقع پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں پر مامور کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایس پیز اور ڈی ایس پیز کو ہدایت کی ہے کہ سڑکوں پر موجودرہتے ہوئے اپنے اپنے علاقوں میں واقع ویگن ،بس سٹینڈزکے گردونواح میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتیں بروئے کارلاتے ہوئے اوور چارجنگ کے خلاف بھی بھرپوراقدامات کریں ۔

متعلقہ عنوان :