چیف الیکشن کمیشن اور ممبران کی تقرریوں کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر

عدالت چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دیگر ممبران کی تعیناتیوں کے احکامات صادر کرے‘ درخواست گزار کی استدعا

ہفتہ 2 جولائی 2016 18:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جولائی ۔2016ء) چیف الیکشن کمیشن اور ممبران کی تقرریوں کے لئے لاہور ہائیکورٹ میں آئینی درخواست دائر کر دی گئی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دیگر ممبران کی تعیناتیوں کے احکامات صادر کرے۔

(جاری ہے)

درخواست محمد اشفاق چوہدری ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل دو سو پندرہ کے تحت چیف الیکشن کمشنر اور اراکین کے عہدوں کی معیاد انیس جون کو ختم ہو چکی ہے تاہم معیاد کے خاتمے کے باوجود چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے نئے اراکین کی نامزدگیوں کے عمل کا آغاز نہیں کیا گیا ہے جو آئین پاکستان کی واضح خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا ادارہ خود مختار اور بااختیار ہے جس کے عہدوں پر نئی تعیناتیاں آئین کا تقاضا ہے۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت چیف الیکشن کمشنر اور الیکشن کمیشن کے دیگر ممبران کی تعیناتیوں کے احکامات صادر کرے۔