Live Updates

حقائق سامنے آجانے کے بعد عمران خان مریم نواز سے معذرت کریں، سنی سنائی باتوں پر فوری عمل کرنا عمران خان کی عادت ہے

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا عمران خان کے مریم نوازپر الزامات پرردعمل کااظہار

ہفتہ 2 جولائی 2016 18:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اب جبکہ اصل حقائق سامنے آچکے ہیں کہ عمران خان کی بہن کو کس شخصیت کی بناء پر پریشان کن صورتحال کا سامنا کرنا پڑا تو اُنہیں اسلامی اور اخلاقی اقدار کو پیش نظر رکھتے ہوئے مریم نواز سے معذرت کرنی چاہئے، اسی میں اُن کی بڑائی ہے عمران خان کی یہ عموماً عادت ہے کہ سُنی سنائی بات پر تحقیق کئے بغیر فوراً رد عمل ظاہر کردیتے ہیں ۔

ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں وزیر خزانہ نے لاہور میں عمران خان کی ہمشیرہ کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ اور بعدا زاں عمران خان کی طر ف سے مریم نواز کو اس واقعہ کا ذمہ دار ٹھہرانے سے متعلق بیان اور بہتان طرازی کو یکسر رد کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی یہ عموماً عادت ہے کہ سُنی سنائی بات پر تحقیق کئے بغیر فوراً رد عمل ظاہر کردیتے ہیں ۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے سربراہ کے طو رپر عمران خان کو ذمہ دارانہ رویہ اپنانا چاہیے ۔

عمران صاحب کو چائیے کہ وہ اپنے بیٹوں کے ساتھ ساتھ اپنی بیٹی کے ساتھ بھی کچھ وقت گزارا کریں تاکہ انہیں بیٹیوں کے وقار، پیار اور احساسات کا بھی اندازہ ہو ۔ مریم نواز قوم کی اور ہم سب کی بیٹی ہیں اُن کے بارے میں بغیر تصدیق کئے بیان دینا ایک انتہائی افسوسناک اورغیر ذمہ دارانہ عمل ہے اور اب جبکہ حقیقت سامنے آچکی ہے ۔ عمران صاحب کو مریم نواز سے معذرت کرنی چاہیے ۔

اسی میں اُن کی بڑائی ہے ۔ عمران خان اب یہ فیصلہ بھی کریں کہ جس سیاسی جماعت کی اہم شخصیت کی وجہ سے اُن کی بہن کے ساتھ مذکورہ واقعہ پیش آیا اور اُنہوں نے بلا تحقیق اس پر غلط رد عمل ظاہر کیا۔کیا وہ اس جماعت کے ساتھ نو تشکیل شدہ شراکت داری سے علیحدہ ہونگے اور کیا وہ اس جماعت کے خلاف بھی بعد از عید اُسی مہم کا اعلان کریں گے جس کا ا نہوں نے مسلم لیگ ( ن) کے خلاف اعلان کیا ۔ دیکھئے وہ کچھ کرتے ہیں یا ماضی کی طرح ایک بار پھر قلا بازی کھا کر غیر اصولی سیاست کی دوبارہ مثال قائم کرتے ہیں۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات