ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی مشیر صحت اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن سے ملاقات

نجم احمدشاہ نے ینگ ڈاکٹرز کو پوسٹ گریجوایٹ ڈاکٹرز کی نئی مجوزہ داخلہ پالیسی بارے تفصیل سے آگاہ کیا

ہفتہ 2 جولائی 2016 17:26

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جولائی ۔2016ء) ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے ہفتہ کے روز مشیر صحت پنجاب خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ سے ملاقات کی ۔وفد میں ڈاکٹر عدنان گوندل ،ڈاکٹر معروف وینس، ڈاکٹر محمود الحسن اور ڈاکٹر شبیر چودھردی شامل تھے۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم احمد شاہ نے ینگ ڈاکٹرز کے وفد کو پوسٹ گریجوایٹ ڈاکٹرز کے لئے مرکزی داخلہ پالیسی کے اہم خدوخال سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا۔

ملاقات میں وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر فیصل مسعود، وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر فخر امام، پرنسپل علامہ میڈیکل کالج پروفیسر محمودشوکت اور محکمہ کے افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

نجم احمد شاہ نے کہاکہ پوسٹ گریجوایٹ کے داخلوں کے لئے مرکزی جامع پالیسی مرتب کر نے کا مقصد میرٹ اور شفافیت کا بول بالا کرنا اور ایسے شعبوں میں جہاں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی شدید کمی ہے ان شعبوں میں سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی کمی کو پورا کر کے سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو بہتر سے بہترطبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے ۔

نجم احمدشاہ نے کہاکہ صحت کے شعبہ میں پہلی مرتبہ ایک جامع مرکزی داخلہ پالیسی متعارف کروائی جا رہی ہے جس میں ڈاکٹر ز پی جی شب کے لئے آن لائن درخواست دیں گے اور تمام پراسیس خالصتا میرٹ کی بنیاد پر ہوگا جس سے ڈاکٹروں کا استحصال بھی ختم ہو جائے گا اور اس پالیسی پر عملدرآمد سے آئندہ چند سال کے اندر بہت سے اہم شعبہ جات جس میں بے ہوش کرنے والے ڈاکٹرز بھی شامل ہیں ،ان کی کمی پوری ہوجاـئے گی ۔

نجم احمدشاہ نے بتایا کہ مرکزی داخلہ پالیسی کے تحت تمام سپیشلٹیز میں سینکڑوں پیڈسٹیوں کا اضافہ کیا جا رہاہے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن کے نمائندوں کے تحفظات کے حوالے سے سیکرٹری ہیلتھ نے کہاکہ مرکزی داخلہ پالیسی کے بارے تمام تحفظات محض پراپیگنڈہ ہے اور یہ پالیسی کسی کے خلاف نہیں بلکہ اس سے نوجوان ڈاکٹرز کو آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کے مز ید مواقع میسر آئیں گے اور بغیر تنخواہ کے کام کرنے کا سلسلہ ختم ہو جائے گا۔

وفد میں شامل ڈاکٹرز کاکہنا تھا کہ انہیں پوسٹ گریجوایٹ ڈاکٹرز کی مرکزی داخلہ پالیسی کو سمجھنے کا موقع ملا ہے۔ڈاکٹر محمودالحسن کا کہنا تھا کہ وہ واپس جاکر ڈاکٹر ز کمیونٹی کو نئی پالیسی کے اہم خدوخال سے آگاہ کریں گے اور ڈاکٹر کمیونٹی کو اس بارے قا ئل کرنے کی کوشش کی جا ئیگی ۔

متعلقہ عنوان :