پردیسیوں کی گھروں کو واپسی کا سلسلہ جاری ،حکومتی اقدامات کے باوجود زائد کرائے وصولی کی شکایات بر قرار

ہفتہ 2 جولائی 2016 17:26

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جولائی ۔2016ء)روزگار اور تعلیم کے حصول کیلئے دوسرے شہروں سے آنے والے پردیسیوں کاعید الفطر کی خوشیاں اپنے پیاروں کیساتھ منانے کیلئے آبائی گھروں کو واپسی کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا ، ریلوے اسٹیشن اور بس اسٹینڈز پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا ،حکومتی اقدامات کے باوجود ٹرانسپورٹرز کی طرف سے زائد کرائے وصولی کی شکایات بھی سامنے آتی رہیں۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق سرکاری سطح پر عید الفطر کی مناسبت سے 5سے 8مئی تک تعطیلات کا اعلان کیا گیا ہے تاہم وفاقی و صوبائی سرکاری اداروں جہاں ہفتہ اور اتوار چھٹی ہوتی ہے اس میں کام کرنے والے پردیسی ملازمین جمعہ کے روز ڈیوٹی پر آکر آئند ہ پیر کی پیشگی چھٹی لے کر اپنے آبائی گھروں کو روانہ ہو گئے جبکہ تعلیم کے حصول کیلئے آنے والے طلبہ اور پرائیویٹ سیکٹر میں کام کرنے والوں کی روانگی کا سلسلہ جاری ہے جو پیر کے روز تک جاری رہے گا ۔ پردیسیوں کی اپنے آبائی گھروں میں روانگی کے باعث ریلوے اسٹیشن ، بس اسٹینڈز پر غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا ۔مختلف مقامات پر ٹرانسپورٹرز کی طرف سے زائد کرائے وصول کئے گئے جسکے باعث مسافروں اور ٹرانسپورٹرز میں توں تکرار بھی ہوتی رہی۔