Live Updates

قوم’’ سیاسی ڈاکوؤں ‘‘ کو جیلوں میں دیکھنا چاہتی ہے ملکی بقاء کیلئے احتساب لازم ہو چکا ہے ‘چوہدری محمدسرور

اپوزیشن جماعتوں کے پاس اتحاد اور کر پشن کیخلاف سڑکوں پر آنے کے سواکوئی آپشن نہیں ‘ تقر یب سے خطاب

ہفتہ 2 جولائی 2016 17:20

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جولائی ۔2016ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق گور نر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ قوم’’ سیاسی ڈاکوؤں ‘‘ کو جیلوں میں دیکھنا چاہتی ہے ملکی بقاء کیلئے احتساب لازم ہو چکا ہے،حکمران ملک میں جھوٹ اور فر یب کی سیاست کی علامت بن چکے ہیں،اپوزیشن جماعتوں کے پاس اتحاد اور کر پشن کیخلاف سڑکوں پر آنے کے سواکوئی آپشن نہیں،تحر یک انصاف کا پنجاب سمیت پورے ملک میں مستقبل روشن ہے اور عمران خان کو وزیر اعظم بننے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی،پارٹی میں کارکنوں کو انکا مکمل حق دیا جائیگا ۔

وہ رانا جاوید قادر ‘ ملک انجم شہزاد کی جانب سے منعقد ہ تقر یب سے خطاب کر رہے تھے جبکہ اس موقعہ پر چوہدری محمدوسیم ‘سید راشد ریاض ‘طیب چوہدری سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کر پشن کیخلاف عمران خان کا موقف صرف تحر یک انصاف ہی نہیں پوری قوم کا ہے اور ملک میں کر پشن کر نیوالوں کیخلاف آپر یشن وقت کی ضرورت ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک کو سب سے زیادہ نقصان سیاسی ڈاکوؤں نے پہنچایا ہے اس لیے پوری قوم چاہتی ہے کی سیاسی ڈاکوؤں کو جیلوں میں ڈال کر ان سے پائی پائی وصول کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جب حکمران ٹی اوآرز کے معاملے پر اپنی ضد اور ہٹ دھر می پرقائم ہے اور احتساب کیلئے کسی بھی صورت تیار نہیں تو ان حالات میں اپوزیشن جماعتوں کے پاس یقینی طور پر سڑکوں پر آنے کے سواکوئی آپشن نہیں اور جب ملک میں احتساب ہو گا تو ملک معاشی طور پر بھی خوشحال ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ملک اور قوم کی تقدیر کی جنگ لڑ رہے ہیں اور پاکستان کے عوام بھی انکے ساتھ ہیں اس لیے انکو وزیر اعظم بننے سے کوئی طاقت نہیں روک سکتی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات