حکومتی اعدادوشمار جھوٹ کا پلندہ ہیں ،سٹیٹ بنک کی رپورٹ نے حقائق واضح کر دیے‘عبدالعلیم خان

ہفتہ 2 جولائی 2016 16:56

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جولائی ۔2016ء)تحریک انصا ف کے مرکزی رہنماء عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ مہنگائی کی کمی اورزر مبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے بارے میں حکومتی اعدادوشمار جھوٹ کا پلندہ ہیں ،سٹیٹ بنک کی رپورٹ میں حقائق واضح کرتے ہوئے ملکی معیشت کی درست تصویر کشی کی ہے ۔عبدالعلیم خان نے این اے 122کی یونین کونسل124میں مبین کمبوہ کی طر ف سے دی گئی افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومتی دعوے درست ہیں تو غیر ملکی قرضوں میں کیوں اضافہ ہو رہا ہے ؟وزیر خزانہ کو عوام سے جھوٹ بولنا بند کرنا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ کھانے والی تھالی میں چھید کرنے والے محمود اچکزئی کے معاملے پر نواز لیگ کو اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہیے اور قوم کو بتانا چاہیے کہ بلوچستان کی گورنری اور وزارتیں حاصل کرنے والے اچکزئی کس کے ایماء پر اس طرح کی بیان بازی کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

عبدالعلیم خان نے کہا کہ عمران خان کا حکومت مخالف تحریک کیلئے دوٹوک موقف عوام کے دلوں کی آواز ہے اور انشاء اللہ عیدکے بعد حتمی مرحلہ طے کیا جائے گا اور پاکستان کو ابھی نہیں یا کبھی نہیں کی بنیا د پر صاف اور شفاف نظام کی فراہمی کیلئے ہر محب وطن شہری سڑکوں پر نکلے گا ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی پی 147سے ممبر صوبائی اسمبلی محمد شعیب صدیقی نے کہا کہ بڑے بڑے دعوے کرنے والے حکمرانوں نے شہریوں سے اُن کے بنیادی حقوق بھی چھین لیے ہیں اور عوام موجودہ حکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کیلئے دعائیں مانگ رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ این اے 122اور پی پی 147مسائل کا گڑھ بنے ہوئے ہیں اور اس حلقے سے گذشتہ 14سال سے نمائندگی کرنیوالے ایاز صادق کے اپنے علاقے میں پینے کا صاف پانی میسر نہیں ،افطار پارٹی میں مبین کمبوہ کے علاوہ معظم قادری ،ناصر صدیقی ،حافظ عامر مغل ،محمد علی،رؤ ف خان ،سلیم شبراتی اور ولیم بھٹی بھی موجود تھے ۔