پاکستان افغان مہاجرین کی باعزت اور وقار کیساتھ واپسی چاہتا ہے۔پاکستان اور افغانستان کو یہ اہم معاملہ مزاکرات اور مشاورت کے زریعے حل اورامریکہ یو این ایچ سی آر سمیت عالمی برادری کو ان کوششوں میں تعاون کرنا چاہیے

سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کی امریکی خصوصی نمائندہ برائے افغانستان اور پاکستان رچرڈ اولسن سے بات چیت

ہفتہ 2 جولائی 2016 16:34

اسلام آباد ۔ 2 جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔02 جولائی ۔2016ء) سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان افغان مہاجرین کی باعزت اور وقار کیساتھ واپسی چاہتا ہے۔پاکستان اور افغانستان کو یہ اہم معاملہ مذاکرات اور مشاورت کے ذریعے حل اورامریکہ یو این ایچ سی آر سمیت عالمی برادری کو ان کوششوں میں تعاون کرنا چاہیے۔

یہ باتیں انہوں نے امریکہ کے خصوصی نمائندہ برائے افغانستان اور پاکستان رچرڈ اولسن سے بات چیت کرتے ہوئے کہیں،جنہوں نے ہفتہ کو یہاں سیکرٹری خارجہ سے ملاقات کی۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال اور افغانستان میں امن و استحکام کیلئے کوششوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سیکرٹری خارجہ نے انسداد دہشت گردی اور سیکورٹی بڑھانے کی غرض سے پاک افغان سرحد پر موثر بارڈر منیجمنٹ کے حوالے سے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کیا۔

(جاری ہے)

اعزاز چوہدری نے امریکی نمائندہ کو بارڈر منیجمنٹ اور سیکورٹی کے متعلقہ مسائل دور کرنے کیلئے پاکستان اور افغانستان کے درمیان اعلی سطح پر مشاورت اور طریقہ کار وضع کرنے سے آگاہ کیا۔افغان مہاجرین کی جلد از جلد واپسی پر زور دیتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغان مہاجرین کی عزت اور وقار کیساتھ واپسی چاہتا ہے۔افغان مصلحتی کو ششوں سے متعلق اعزاز چوہدری نے کہا کہ افغان حکومت اور عوام کی قیادت میں مصالحتی عمل کیلئے چار فریقی رابطہ گروپ موثر فورم ہے اور پاکستان اس سلسلے میں مکمل تعاون کریگا۔

رچرڈ اولسن نے افغانستان میں طویل المدتی امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ امریکہ بارڈر منیجمنٹ سے متعلق پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔انہوں نے تسلیم کیا کہ عالمی برادری کو 35سال سے زائد افغان مہاجرین کی میزبانی میں پاکستان کے کردار کو نہیں بھولنا چاہیئے۔رچرڈ اولسن نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان باہمی مفاد کے معاملات پر مسلسل قریبی تعاون کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ معیشت کا استحکام اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کامیابیاں انتہائی شاندار ہیں۔انہوں پولیو کے کیسوں میں کمی کرنے پر پاکستان کو مبارکباد دی۔