وفا قی وزیر خزانہ کا مختلف مقامات پر پنشنرز کو پنشن کے حصول میں مشکلات کا سخت نوٹس

گورنر سٹیٹ بینک نیشنل بینک حکام سے بات کر کے عوامی شکایات کا ازالہ کریں، اسحاق ڈار کی ہدایت

ہفتہ 2 جولائی 2016 16:23

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔02 جولائی ۔2016ء ) وفا قی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا مختلف مقامات پر پنشنرز کو پنشن کے حصول میں مشکلات کا سخت نوٹس لے لیا،وزیر خزانہ نے گورنر سٹیٹ بینک اشرف محمود وتھرا سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور ہدایت کی کہ وہ نیشنل بینک حکام سے بات کر کے عوامی شکایات کا ازالہ کریں ،وزیر خزانہ نے مزید ہدایت کی اے ٹیم اے مشینوں میں کیش کی وافر مقدار میں دستیابی بھی یقینی بنائی جائے۔

وا ضح رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عید کی تیاریوں میں صارفین کی مشکلات کو کم کرنے کے لیے تمام بینکوں کو ہفتے کے روز بھی کام کرنے کا حکم دیا تھا لیکن نیشنل بینک آف پاکستان کے سسٹم نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔کراچی، لاہور، پشاور سمیت ملک بھر میں نیشنل بینک کے صارفین نے عید کی تیاریوں کے لیے رقم کے حصول کیلئے صبح سویرے بینک پہنچے لیکن انھیں اس وقت کوفت کا سامنا کرنا پڑا جب بینک کا کمپیوٹر نظام خراب ہوگیا۔

(جاری ہے)

سسٹم خراب ہونے کے باعث بینک کے باہر بزرگ پینشنرز اور عوام کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔سٹیٹ بینک نے عید کے پیش نظر تمام بینکوں کو ہفتے کے روز بھی کام کرنے کی ہدایت جاری کی تھی جبکہ جمعے کو سالانہ چھٹی کے باعث بینک بند تھے دوسری حکومت کی جانب سے عید کی تعطیلات کے اعلان کے مطابق پیر کو بینکوں کا آخری ورکنگ ڈے ہوگا۔اسٹیٹ بینک نے تمام بینکوں کو ہدایت کی تھیں کہ عید الفطر کی تعطیلات کے دوران اے ٹی ایم میں بھرپور کیش رکھیں تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے لیکن بنکوں کی جانب سے ہدایت پر عمل نہیں کیا گیا اور عوام کی شکایات پر وزیر خزانہ نے نوٹس لیا۔

متعلقہ عنوان :