عید کے موقع پر ملازمین کو تنخواہیں نہ دینا سراسر ناانصافی ہے،حکومتی بدانتظامی کی مذمت کرتے ہیں ،شیخ عقیل الرحمن

ہفتہ 2 جولائی 2016 15:51

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جولائی ۔2016ء)جماعت اسلامی آزادکشمیر کے نائب امیر شیخ عقیل الرحمن نے کہا ہے کہ عید کے موقع پر ملازمین کو تنخواہیں نہ دینا سراسر ناانصافی ہے۔حکومت کی اس بدانتظامی کی مذمت کرتے ہیں جس کی وجہ سے ملازمین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ملازمین کا استحصال نہ کیا جائے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عید الفطر کے موقع پر ملازمین کو اور پنشنرز کو محروم رکھا جارہا ہے جو کہ ظالمانہ اقدام ہے۔تنخواہیں نہ ملنے کے باعث ملازمین اپنی ضروریات زندگی پوری نہیں کرسکیں گے۔حکومت کو اس حوالے سے قبل از وقت اقدامات اٹھانے چاہیے تھے مگر لیت ولعل سے کام لیا جاتا رہا۔اب ملازمین کو عید کے موقع پر تنخواہوں سے محروم رکھنے کی پالیسی کسی بھی صورت مناسب نہیں ہے۔حکومت اس طرح کے اقدامات سے باز رہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ عید الفطر سے قبل ملازمین کو ان کی تنخواہیں دی جائیں اورپنشنرز کو ان کی پنشن بھی فراہم کی جائے تاکہ وہ عیدکی خوشیوں میں شریک ہوسکیں۔