چوہدری عبدالمجید نے اپنے حلقہ انتخاب میں درجنوں گاؤں کے طوفانی دورے ،ہزاروں افراد کا اظہار اعتماد

ہفتہ 2 جولائی 2016 13:26

میرپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔02 جولائی ۔2016ء)وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرچوہدری عبدالمجید نے اپنے حلقہ انتخاب میں درجنوں گاؤں کے طوفانی دورے کیے۔ ہزاروں افراد کا وزیراعظم پراعتماد۔ برادریوں اور علاقائی تعصبات کے بت پاش پاش ہوگے۔ وزیراعظم نے اسلام گڑھ، سہار، ایسر، کلیال بینسی، مڈ بینسی، بڑھجن سمیت دیگر دیہاتوں کے طوفانی دورے کیے جس میں عوام الناس نے بلاتخصیص برادری علاقے کے وزیراعظم کو بھرپوراعتماد کا یقین دلاتے ہوئے انتخابات میں سوفیصد ووٹ دینے کی حامی بھرلی۔

جس سے وزیراعظم کے مخالفین کی نیندیں حرام ہوگئیں اور ان کے غباروں سے ہوانکل گئی۔ ہوٹرز کے شوقین کو انتخابات میں ووٹرز عبرتناک شکست دیں گے۔ ن لیگی امیدواروں کی وفاقی وزراء کے سہارے انتخابات کوہائی جیک کرنے کے منصوبے ناکام ہونگے۔

(جاری ہے)

خطہ کے لوگوں نے ن لیگ اور پی ٹی آئی پرعدم اعتماد کا اظہار کردیا۔جس کا رزلٹ 21 جولائی کوعوام انھیں دیں گے۔

پی پی 21 جولائی کو کلین سویپ کریگی۔وزیراعظم نے اپنے حلقہ انتخابات میں طوفانی الیکشن کمپین شروع کردی ۔ پلاک سے لیکرخالق آباد روزانہ درجنوں دیہاتوں کے مکینوں سے ملاقاتیں شروع کردی۔ وزیراعظم کی لوگوں کے گھروں میں آمد پرعلاقہ کے مکینوں نے اپنے پورے خاندان اور علاقہ سمیت ان کی حمایت کا اعلان کردیاجس کے باعث وزیراعظم کی حلقہ میں سیاسی پوزیشن یکطرفہ پیپلزپارٹی کے حق میں ہوگئی۔

ن لیگ اور پی ٹی آئی کی کی امیدوں پرپانی پھرگیا۔ وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے مختلف انتخابی مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے عوام الناس کا ان پراعتماد کرنے کو زبردست الفاظ میں سراہتے ہوئے کہاکہ میں نے پانچ سال وزارت عظمیٰ کے منصب پربھی عوام کے حقوق کی چوکیداری کی۔ میں وزیراعظم نہیں عوام کا چوکیدار ہوں میں عوام سے ہوں اور میرے عوام وزیراعظم ہیں۔

گذشتہ پانچ سالوں میں غریب سے غریب آدمی کے لیے وزیراعظم ہاؤس اور سیکرٹریٹ کے دروازے 24 گھنٹے کھلے رکھے اور لوگوں کو بدرادریوں اورعلاقائی تعصبات سے نکالا۔ گذشتہ 65 سالوں سے آزاد کشمیرمیں ایک میڈیکل کالج نہیں تھا میں نے اقتدار سنبھالتے ہی تین میڈیکل کالجز قائم کیے۔ پانچ یونیورسٹیاں قائم کیں اور سینکڑوں سکولوں اورکالجوں کو اپ گریڈ کیا۔

عوام الناس کی سہولیات کے لیے ذرائع رسل ورسائل ان کی دہلیز تک پہنچائے۔ انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرکے گذشتہ حکمرانوں کے گند کوہم صاف کرتے رہے ان حکمرانوں نے کشمیری قوم کوجہالت اور گمراہی میں الجھائے رکھا۔ علم دشمنوں نے ہمارے تعلیمی پیکجز کی مخالفت کی اور وفاق سے ہمارے فنڈز بند کروائے۔ میڈیکل کالجز کوبند کروانے کی دھمکیاں دیتے رہے۔

لیکن ہم نے ان کی پرواہ نہیں کی اورعوامی فلاح وبہبود کے سفرکوتسلسل کے ساتھ جاری رکھاجس کے باعث آج آزادکشمیر میں پہلی میڈیکل ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی بھی قائم ہوگئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بعض لوگ یہ پروپیگنڈہ کررہے ہیں کہ پاکستان میں ن لیگ کی حکومت کے باعث آزادکشمیرمیں بھی ن لیگ حکومت بنائے گی۔ انھوں نے کہاکہ وفاق میں ن لیگ ناکام لیگ ثابت ہوئی ہے جو عید کے بعد چلتی نظرآرہی ہے۔

انھوں نے کہاکہ پاکستان گذشتہ دوماہ سے بغیروزیراعظم کے چل رہاہے۔ ن لیگ کی کشتی کو منجھدارمیں ڈبونے سے کوئی بچانہیں سکتا۔ وفاقی حکومت کی آزادکشمیرمیں ن لیگ کی کامیابی کے لیے تمام ہتھکنڈے ناکام ہونگے۔ پی ٹی آئی کے ڈانس کلچر کوکشمیری مسترد کرچکے ہیں۔ آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی ہی واحد جماعت ہے جوعوامی حقوق کی محافظ ہے۔ اگلا انتخاب بھی پی پی کا انتخاب ہوگا ۔

آزادکشمیراورپاکستان میں ن لیگ کے بجائے پیپلزپارٹی کی حکومتیں ہونگی۔ دریں اثناء غریب بیوگان میں عید راشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم چوہدری عبدالمجید نے کہاکہ دکھی انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے اور یہ اللہ تعالیٰ اور اس کے رسولﷺ کی خوشنودی کا باعث بھی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ میری سیاست کا مرکز ومحور ہی عوام کی فلاح وبہبود ہے جب تک زندہ ہوں خدمت خلق کا سفرجاری رہے گا۔

عوام کی فلاح وبہبود معاشی ترقی میراخواب تھا اقتدار میں آکراس خواب کوتعبیریں دیں۔ عوام کی فلاح وبہبود پر مشنری جذبے سے عمل پیرا ہیں۔وزیراعظم آزادکشمیرنے کہاکہ خدمت خلق میری سیاست کا ایجنڈا ہے اس ایجنڈے کی تکمیل کرکے رہیں گے۔ منفی عناصر کے ہتھکنڈوں کو عوامی فلاح وبہبود کے ایجنڈے کی رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔