ڈھاکہ کے سفارتی علاقے میں نامعلوم افراد اور پولیس کے درمیان فائرنگ کی اطلاعات

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 1 جولائی 2016 23:14

ڈھاکہ کے سفارتی علاقے میں نامعلوم افراد اور پولیس کے درمیان فائرنگ ..

ڈھاکہ(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔یکم جولائی۔2016ء) بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے سفارتی علاقے میں نامعلوم افراد اور پولیس کے درمیان فائرنگ کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ گلشن ڈسٹرکٹ کے علاقے میں ایک کیفے میں تین شہری اور دو پولیس والے زخمی ہو گئے ہیں۔بنگلہ دیش کے ذرائع ابلاغ کے مطابق کئی بندوق بردار ہولی آرٹیشن بیکری میں داخل ہوئے اور انھوں نے فائرنگ شروع کر دی۔

ڈھاکہ میں امریکی سفارت خانے نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ فائرنگ اور اغواءکے بارے میں اطلاعات موصول ہورہی ہیں۔پولیس اور سکیورٹی فورسز نے پورے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاش کا کام شروع کر دیا ہے۔ڈھاکہ ٹربیون کے مطابق حملہ آوروں نے کیفے میں 20افراد کو یرغمال بنا ررکھا ہے جن میں اکثریت غیرملکیوں کی ہے-ایک اور اطلاع کے مطابق علاقے میں فائرنگ کے علاوہ زوردار دھماکوں کی آوازیں بھی سنی گئی ہے-سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صورتحال کے پیش نظرپولیس کی مدد کے لیے نیم فوجی دستے بھی روانہ کردیئے گئے ہیں- اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ حملہ آور کون تھے لیکن پولیس کا کہنا ہے کہ ان کا تعلق اسلامی شدت پسندوں سے ہونے کا شبہ ہے۔

(جاری ہے)

جس کیفے میں فائرنگ کی گئی ہے وہ متوسط طبقے، سفارتی برادری اور غیر ملکیوں میں خاصہ مقبول ہے۔دوسری جانب ایک بنگلہ دیشی جریدے نے30افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے-