میرے تمام اثاثے ظاہر ہیں ،سیاسی مخالفین کو چیلنج کرتا ہوں ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت کر دیں تو سیاست چھوڑ دوں گا ،حکومت ملکی معیشت کو بہتر کرنے اور توانائی بحران کے خاتمے کے لئے کام کر رہی ہے

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کا نجی ٹی وی کو انٹرویو

جمعہ 1 جولائی 2016 23:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جولائی ۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بیرون ملک اثاثوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے تمام اثاثے ظاہر ہیں ،سیاسی مخالفین کو چیلنج کرتا ہوں ایک روپے کی کرپشن بھی ثابت کر دیں تو سیاست چھوڑ دوں گا ،حکومت ملکی معیشت کو بہتر کرنے اور توانائی بحران کے خاتمے کے لئے کام کر رہی ہے ۔

وہ جمعہ کو نجی ٹی وی کو انٹرویو دے رہے تھے ۔انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی سے متعلق ہمارے ملک میں کچھ مسائل ہیں ،چند ہفتے قبل اسی سلسلے میں سول اور عسکری قیادت کا اجلاس ہوا تھا جس میں طے پایا تھا اس حوالے سے روڈ میپ بنایا جائے ، وزیراعظم کی وطن واپسی پر سول ملٹری قیادت مستقبل کے روڈمیپ کے لئے بیٹھے گی ۔انہوں نے کہا کہ آف شور کمپنی غیر قانونی نہیں ہوتی ،یہ ضرور ہوتا ہے کہ آیا اس شخص نے آف شور کمپنی ظاہر کی یا نہیں ،کمپنی میں لگایا جانے والا سرمایہ غیر قانونی تو نہیں ،پاکستان میں پی آئی اے سمیت اداروں کی بھی آف شور کمپنیاں ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا چوتھا ملک ہے جس کے اراکین اسمبلی کی چار ٹیکس ڈائریکٹریاں شائع ہو چکی ہیں، جب سے حکومت میں آئے ہیں ٹیکس ڈائریکٹریاں شائع کر رہے ہیں ،اب بھی بہت جلد شائع ہونے لگی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہت سارے لوگوں کی بیرون ملک جائیداد ہوتی ہے ،بیرون ملک جائیداد غیر قانونی نہیں ،بہت سارے اوورسیز پاکستانی باہر جائیدادیں بناتے ہیں ۔بیرون ملک جائیداد کے حوالے سے مجھ پر لگائے گئے الزامات غلط ہیں ، میرے تمام اثاثے ظاہر ہیں ، سیاسی مخالفین کو چیلنج کرتا ہوں کہ مجھ پرکرپشن کی ایک پائی بھی ثابت کردیں تو سیاست چھوڑ دوں گا۔

متعلقہ عنوان :