Live Updates

اسحاق ڈار خوش ہو رہے ہیں کہ ملکی زر مبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں وہ قوم کو یہ بھی بتائیں کہ ملکی قرضے بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں اور مہنگائی کے سابقہ تمام ریکارڈز بھی ٹوٹ چکے

تحریک انصاف کی مرکزی پولیٹکل کمیٹی کے ممبر ولید اقبال کا بیان

جمعہ 1 جولائی 2016 22:56

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جولائی ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی پولیٹکل کمیٹی کے ممبر ولید اقبال نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار خوش ہو رہے ہیں کہ ملکی زر مبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں وہ قوم کو یہ بھی بتائیں کہ ملکی قرضے بھی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں اور مہنگائی کے سابقہ تمام ریکارڈز بھی ٹوٹ چکے ہیں ، ملک میں11کروڑلوگ غربت سے نیچے کی لکیر کی زندگی گزار رہے ہیں قوم مقروض ہوتی جا رہی ہے اور غربت کی وجہ سے لوگ اپنے بچوں سمیت خود کشیاں کر رہے ہیں ۔

گزشتہ روز اپنے جاری کردہ بیان میں ولید اقبال نے کہا کہ نا اہل حکمران عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں عام انتخابات میں انہوں نے قوم سے جو وعدے کیے تھے ان میں سے کوئی ایک وعدہ بھی پورا نہیں کر سکے یہ اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں پر شرمندہ ہونے کی بجائے جھوٹ کی بیساکھیوں کا سہارا لے کر قوم کو گمراہ کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکمران مغل اعظم بنے ہوئے ہیں اور 1ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے ملک وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے بغیر چل رہا ہے اور اسے لندن میں بیٹھ کراپنے درباریوں کے ذریعے چلا یا جا رہا ہے ، ملک مسائل کی دلدل میں دھنستا جا رہا ہے مگر حکمرانوں اور ان کے درباریوں کے غیر سنجیدہ رویوں سے لگ رہا ہے کہ انہیں کسی قسم کی فکر نہیں ہے یہ صرف" ڈنگ ٹپاؤ اور مال بناؤ" کی پالیسی پر چل رہے ہیں،، ملکی اور عوامی مسائل کو حل کرنا ان کے بس کی بات نہیں ہے ۔

انہوں نے کہا کہ حکمران خوفزدہ ہیں کہ جس دن شفاف احتساب کا عمل شروع ہوا اس دن انکی کی گئی کرپشن سامنے آ جائے گی اسی لیے احتساب کے عمل سے انکی ٹانگیں کانپ رہی ہیں ، تحریک انصاف اور اپوزیشن کی دیگر جماعتیں کرپشن کے خلاف احتساب کیلئے متحد ہیں اور پوری قوم بھی کرپٹ حکمرانوں کا احتساب چاہتی ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :