سی سی پی او لاہور نے جمعتہ الوداع کے موقع پر شہر کی مختلف مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکورٹی کو چیک کیا

جمعہ 1 جولائی 2016 22:23

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔یکم جولائی ۔2016ء) سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے جمعتہ الوداع کے موقع پر شہر کی مختلف مساجد اور امام بارگاہوں کی سیکورٹی کو چیک کیا۔اُنہوں نے امام بارگاہ بیت الحزن اقبال ٹاؤن، مسجد گلزار مدینہ وحدت کالونی اور گڑھی شاہو میں قادیانیوں کی عبادت گاہ کی سیکورٹی کو چیک کیا ۔اس موقع پر اُنہوں نے مندرجہ بالا عبادت گاہوں کے منتظمین سے ملاقات کی اور سیکورٹی انتظامات کے بارے میں دریافت کیا ۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ذمہ داری ہے جس کے لیے پولیس شب و روز کوشاں ہے خاص کر رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں امن و امان برقرار رکھنے اور شہریوں کے جان و مال اور عزت کے تحفظ کے لیے تمام وسائل برؤے کارلائے جا رہے ہیں اور پیٹرولنگ کے لیے پیرو، ڈولفن اور مجاہد سکواڈ کی گاڑیاں اور موٹر سائیکل شہر بھر میں متحرک ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہاکہ مارکیٹوں ، شاپنگ پلازوں اور تجارتی مراکز کی سیکورٹی کے لیے چاک و چوپند پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ان مقامات پر سفید کپڑوں میں کمانڈوز بھی تعینات کیے گئے ہیں تاکہ سماج دشمن عناصر کے ناپاک ارادوں کو ناکام بنایا جا سکے۔سی سی پی او نے مساجد اور امام بارگاہوں کی چیکنگ کے دوران اچھی ڈیوٹی کرنے پر پانچ پولیس اہلکاروں کو نقد انعام اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :