متحدہ عرب امارات کیسفیر شیخ عیسیٰ عبداﷲ الباشہ النعیمیکا پنجاب یونیورسٹی شیخ زاید اسلامک سنٹر لاہور کا دورہ

جمعہ 1 جولائی 2016 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔یکم جولائی ۔2016ء) متحدہ عرب امارات کے سفیر شیخ عیسیٰ عبداﷲ الباشہ النعیمی نے پنجاب یونیورسٹی شیخ زاید اسلامک سنٹر لاہور کا دورہ کیا ۔اس موقع پرڈین کلیہ علوم اسلامیہ ڈاکٹرطاہرہ بشارت، قائمقام ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد عبداﷲ، چیئرمین شعبہ علوم اسلامیہ ڈاکٹر محمد سعد صدیقی ، فیکلٹی ممبران اور ملازمین نے ان کا استقبال کیا۔

اپنے خطاب میں شیخ عیسیٰ عبداﷲ نے کہا کہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان دونوں اسلامی اخوت کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عرب امارات پاکستان میں تعمیرو ترقی کے مختلف منصوبوں میں حصہ لے رہا ہے بالخصوص تعلیم اور صحت کے شعبے میں عرب امارات کی خدمات قابل ذکر ہیں۔کراچی ، پشاور اور لاہور کے اسلامک سنٹرز بھی اسی تعلیمی سلسلہ کی کڑیاں ہیں جہاں پر اعلیٰ تعلیمی ، تدریسی و تحقیقی منصوبوں پر کام ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اسلامک سنٹر کا تفصیلی دورہ کیا ۔ اپنے خطاب میں قائمقام ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد عبداﷲ نے عرب امارات کے سفیر کوپنجاب یونیورسٹی اسلامک سنٹر کا دورہ کرنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے ان کی پاکستان میں تعلیم و صحت و دیگر رفاہی خدمات کوخراج تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں متحدہ عرب امارات کے سفیر شیخ عیسیٰ عبداﷲ نے اپنے ملک کی طرف سے سنٹر کے اساتذہ و ملازمین کو کھجوروں کا تحفہ پیش کیا۔